ایدھی نے انسانیت کی بلا تفریق خدمت کی، مقررین
لندن( آن لائن ) معروف سماجی راہنمائ عبد الستار ایدھی کوخراج تحسین پیش کرنے کے لئے لندن سکول آف اکنامکس میں ایک تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا انعقاد لندن سکول آف اکنامکس سٹوڈنٹس یونین پاکستان سوسائٹی نے کیا تھا جس میں لندن سکول آف اکنامکس کے سٹوڈنٹس کے علاوہ دیگر یونیورسٹیز کے سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ ایل ایس ای کی لائبریری کے باہر جمع ان سٹوڈنٹس نے عبد الستار ایدھی کے تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایل ایس ای پاکستان سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری رضا ناظر کا کہنا تھا کہ عبد الستار ایدھی نے بغیر کسی رنگ و نسل کے لیے صرف اور صرف انسانیت کے لئے کام کیا اور انسانیت کی بلا تفریق خدمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج وقت کی ضرورت ہے کہ ہم پاکستان میں ایدھی ازم کو لیکر آگے بڑھیں تاکہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ سب لوگوں میں پیدا ہو سکے۔اس موقع پر موجود دیگر سٹوڈنٹس نے بھی اپنے اپنے انداز میں عبد الستار ایدھی کو خراج تحیسن پیش کیا۔طلبائ نے پاکستان زندہ باد اور ایدھی زندہ باد کے نعرے بھی لگائے اور اس ازم کا اظہار کیا کہ ایدھی ایک سوچ کی صورت میں ہم لوگوں میں زندہ رہے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رضا ناظر اور دیگر سٹوڈنٹس نے یہ عزم کیا کہ وہ عبد الستار ایدھی کے مشن کو جاری رکھنے کے لئے یوکے میں اپنی مدد آپ کے تحت امداد اکھٹی کرکے پاکستان بھیجیں گے۔ جبکہ ایدھی ازم کو دنیا بھر میں عام کرنے کےلئے کوشش کریں گے۔