بھارت میں ایک ہی خاتون سے دو بار ریپ کرنے والے دوملزم گرفتار
نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں تین سال کے عرصے میں ایک ہی خاتون کے ساتھ دو مرتبہ جنسی زیادتی کے جرم میں دو ملزم گرفتار کر لیے گئے ۔ ملزمان نے دوسری مرتبہ اس خاتون کا ریپ اس لیے کیا کہ اس نے ان کے خلاف مقدمہ واپس لینے سے انکار کر دیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق شمالی بھارتی ریاست ہریانہ میں پولیس نے تصدیق کر دی ہے کہ ان دونوں ملزموں کو اس لیے گرفتار کیا گیا کہ انہوں نے ایک خاتون کو تین سال کے عرصے میں دوسری مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق دونوں گرفتار شدگان پہلے ہی ایک ایسے مقدمے میں بھی ملزم ہیں، جو اسی خاتون کی طرف سے دائر کیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ بھی جنسی زیادتی کے ایک مجرمانہ واقعے سے متعلق ہے اور دوسری مرتبہ ان ملزمان نے اس خاتون کو اس لیے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا کہ اس نے ان کی طرف سے ڈالے جانے والے دباو¿ اور بار بار دی جانے والی دھمکیوں کے باوجود ان کے خلاف اپنا مقدمہ واپس لینے سے انکار کر دیا تھا۔ہریانہ میں ریاستی پولیس کے ایک اعلیٰ اہلکار سنجے کمار سنگھ نے بتایا کہ دوسری مرتبہ ان ملزموں نے اس خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ گزشتہ ہفتے بنایا، جس کے بعد 20 اور 25 سال کے درمیان کی عمر کی یہ خاتون، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، ابھی تک ایک ہسپتال میں زیر علاج ہے۔سنجے کمار سنگھ نے بتایا کہ یہ نوجوان خاتون ایک مقامی کالج کی طالبہ ہے اور وہ ان ملزمان کی طرف سے اپنے خلاف دوسری مرتبہ جنسی جرم کے ارتکاب کے دوران زخمی ہو گئی تھی۔ اس وقت البتہ ہسپتال میں اس خاتون کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔تفتیشی اہلکاروں نے یہ بھی کہا کہ یہ جرم گینگ ریپ کا واقعہ ہے، جس کے مرتکب ایک تیسرے مشتبہ شخص سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے جبکہ دو دیگر مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔