کمشنر کا گریٹر اقبال پارک کا اچانک دورہ
لاہور( جنرل رپورٹر) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے گریٹر اقبال پارک میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے پارک کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے اپنے دورے کے دوران پارک میں بننے والی جھیل، فوڈ کورٹ، سافٹ وہیل ٹرام و بگی ٹریک، پارکنگ اورمختلف حصوں میں لگنے والی گھاس کے حوالے سے تعمیراتی کاموں کا تفصلاً جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارک کی جھیل میں جمع ہونے والی پانی کو ڈینگی کے حوالے سے صاف رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جھیل کے کناروں پر لگنے والے پتھر اور مختلف روشوں میں نصب ہونے والے پتھروں کے کام کو نفاست سے سرانجام دیا جائے۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے گریٹر اقبال پارک کے مختلف حصوں میں جا کر ہر سیکشن میں ترقیاتی کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گریٹر اقبال پارک تاریخی و ثقافتی اعتبار سے لاہور کی خوبصورتی میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور اس پارک کے اندر مختلف تعمیرات سے پنجاب اور پاکستان بھر کی ثقافت بھی کھل کر سامنے آئے گی۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کے دورہ کے موقع پر پی ڈی گریٹر اقبال پارک طاہر سلطان، اے سی پروٹوکول سید منور بخاری اور کنسٹرکشن کمپنی کے جی ایم بھی ہمراہ تھے۔ کمشنر لاہور کو ان کے دورہ کے موقع پر بتایا گیا کہ اگلے چند روز میں آرائشی لائٹوں کے پول کی تنصیب مکمل کر لی جائے گی اور پارک کے غیر تعمیر شدہ حصوں کو ہموار کرکے کافی بڑے حصے پر گھاس لگانے کا کام بھی مکمل کر لیا جائے گا۔