یو اے ای میںپاکستانی نوجوان چینی خاتون سے بد سلو کی پر گرفتار
دبئی سٹی ( آن لائن ) متحدہ عرب امارات میں ایک پاکستانی گارڈ کو دوست ملک چین سے تعلق رکھنے والی ساتھی ملازمہ کے ساتھ بدسلو کی پر گر فتا ر کر لیا گیا ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 27 سالہ پاکستانی گارڈ اور اس کے حملے کا نشانہ بننے والی چینی سیلز گرل ڈریگن مال میں اکٹھے ملازمت کرتے تھے۔ متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ سٹور روم میں کچھ سامان رکھ رہی تھی اور اس دوران سٹور کا دروازہ کھولنے کے لئے گارڈ کی مدد طلب کی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ گارڈ نے اس کے لئے سٹور کا دروازہ تو کھول دیا لیکن جب وہ سامان رکھ چکی تو ملزم اسے ایک کونے میں لے جانے کی کوشش کرنے لگا۔ چینی خاتون نے بتایا کہ وہ سخت گھبراگئی لیکن گارڈ نے اسے بازو سے پکڑ کر اپنی طرف کھینچا اور بوسہ لینے کی کوشش کی، جس پر وہ شور مچاتی ہوئی باہر کی جانب بھاگ کھڑی ہوئی۔ متاثرہ خاتون کی شکایت پر پولیس نے گارڈ کو حراست میں لے لیا، البتہ اس نے ا بتدائی طور پر الزامات کی تردید کی۔ گارڈ کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی ساتھی ملازمہ کی عزت پر حملہ نہیں کیا بلکہ بے دھیانی میں اس کے ساتھ چھوگیا تھا، جس کا خاتون نے غلط مطلب لے لیا۔ رپورٹ کے مطابق ایک پولیس سارجنٹ نے بتایا کہ گارڈ نے بعد ازاں تسلیم کرلیا کہ اس نے لڑکی کو ارادتاً چھوا تھا۔
ملزم کے خلاف مقدمے کی کارروائی جاری ہے جس کا فیصلہ 28 جولائی کو سنایا جائے گا۔