عبدالستار ایدھی (مرحوم) کی انسانیت کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں، حافظ غلام فرید

عبدالستار ایدھی (مرحوم) کی انسانیت کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں، حافظ غلام ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار خصوصی)تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہاکہ عبدالستار ایدھی (مرحوم) کی دکھی انسانیت کیلئے خدمات قابل ستائش اور ناقابل فراموش ہیں۔صاحب حیثیت پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے کہ عبدالستار ایدھی کی زندگی کو رول ماڈل بنا کر اپنی زندگی کا کچھ حصہ غریب ،بیوہ ،یتیم بچوں اور ضرورت مند افراد کیلئے وقف کریں۔تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سربراہی میں شب و روز بلا امتیاز رنگ نسل دکھی انسانیت کیلئے کوشاں ہے۔ملک بھر میں 700 سکول منہاج القرآن کی تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام عزیز بھٹی ٹاؤن میں عبدالستار ایدھی کی انسانیت کیلئے کی جانیوالی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے لگائے جانیوالے فری میڈیکل کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم اشتیاق حنیف مغل ،میاں ممتاز حسین، اصغر علی ناز، راجہ محمود عزیز، شہباز حسین بھٹی ، اسلم پرویز قادری، حاجی محمد ارشد طاہر، شبیر نصیر، کے علاوہ دور دراز سے آئے مریضوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔حافظ غلام فرید نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے تمام زندگی مسکینوں، یتیموں اور بیواؤں کی خدمت کی ہے۔ایدھی ایک نیک سیرت اور درویش صفت انسان تھے ، ان کی انسانیت کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،انہوں نے کہا کہ فخر پاکستان عبدالستار ایدھی کی دکھی انسانیت کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔تحریک منہاج القرآن لاہور عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اس طرح کے فلاحی پروگرامز کا انعقاد کرتی رہے گی۔دریں اثناء تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن کے صدر شہباز حسین بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی یاد میں لگائے جانیوالے اس فری میڈیکل کیمپ میں پانچ تجربہ کار ڈاکٹرز ،ان کا ماہر سٹاف موجود ہے۔اس فری میڈیکل کیمپ میں شوگر، ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے فری ٹیسٹ کیے جارہے ہیں اور ڈاکٹرز کی تشخیص کے بعد ان ضرورت مند مریضوں کو مفت ادویات بھی دی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فری میڈیکل کیمپ کا یہ سلسلہ ماہانہ بنیادوں پر جاری رہے گا ۔