41لاکھ افراد کی پٹیشن مشترد، دوسرا ریفرنڈم نہیں ہو گا: برطانوی حکومت
لندن (اے پی پی) برطانیہ کا یورپی یونین سے نکلنے کا فیصلہ ابھی تک بہت سے شہریوں کے لیے ناقابل قبول دکھائی دیتا ہے جس کا ثبوت 4.1 ملین لوگوں کی طرف سے دوبارہ ریفرنڈم کے لیے دائر کی گئی پٹیشن ہے جو حال ہی میں برطانوی حکومت نے مسترد کر دی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اب برطانیہ کے لیے یورپی یونین سے اخراج کا عمل شروع کرنے کا وقت ہے۔ اس سے قبل ایک لاکھ لوگوں کے دستخط والی پٹیشن کو بھی پارلیمنٹ میں قابل غور سمجھا جاتا تھا۔ فارن اور کامن ویلتھ محکمہ کے حکام نے بتایا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کا عمل اب شروع ہو چکا ہے اور اس وقت ایسی کسی پٹیشن کو اہمیت نہیں دی جا سکتی۔ پٹیشن کے علاوہ عوام نے ڈاﺅننگ سٹریٹ پر مظاہرہ بھی کیا اور دوبارہ ریفرنڈم کا مطالبہ کیا۔ یاد رہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے کئے گئے ریفرنڈم میں 52 فیصد لوگ یورپی یونین سے علیحدگی چاہتے تھے جب کہ 48 نے یورپی یونین کے ساتھ رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ عوام کا کہنا ہے کہ سابقہ ریفرنڈم کا نتیجہ اتنا قریب ہے کہ دوبارہ ریفرنڈم کی صورت میں یہ نتیجہ بدل سکتا ہے۔