چینی سفیر نے اقتصادی راہداری منصوبہ سے متعلق افواہوں کوبے بنیاد قراردیدیا
اسلام آباد (آن لائن)چینی سفیر سن ویڈانگ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ سے متعلق افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور قوم سی پیک معاملے پر ہمارے ساتھ ہیں اور پاک فوج کا منصوبہ کو مثالی سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ سی پیک منصوبہ تسلسل اور کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اور کام کی رفتار اطمینان بخش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں تقریب کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور قوم سی پیک کے معاملے پر چینی قوم کے ساتھ کھڑی ہے اور منصوبہ پر کام کامیابی سے جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے حوالے سے خبریں اور افواہیں بے بنیاد ہیں کیونکہ چینی حکام سی پیک منصوبوں کی تعمیر کے رفتار سے مطمئن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج نے سی پیک پر سکیورٹی فراہم کر رہی ہے اور مثالی سکیورٹی فراہم کرنا قابل تعریف ہے۔ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت میں سی پی کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاک فوج کے پاس سی پیک کی سکیورٹی اور میری وزارت کے پاس اس کی تکمیل کا کام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج اور وزارت اپنے اپنے حصے کا کام بخوبی نبھا رہی ہیں۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایک جدید دنیا میں رہ رہے یہں اور وژن2025ء سے پاکستان ایشین ٹائگر بن جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کے لئے اہم ترین ہے اور یہ ایک واحد موقع ہے جس کو مکمل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1991ء میں پاکستان کی معاشی صورتحال بہت اچھی تھی مگر اب بنگلہ دیش سے بھی پیچھے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو سیاسی لانگ مارچ کی نہیں بلکہ اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی ترقی کے لئے بہترین اور سمارٹ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تین سالوں میں پلاننگ کمیشن نے ہائیر ایجوکیشن کے66منصوبے منظور کئے گئے ہیں اور ہر ضلع میں یونیورسٹی یا کیمپس بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔
چینی سفیر