ہمارے بغیر عمران خان کی حکومت کیخلاف نئی تحریک بھی ناکام ہو گی ، خورشید شاہ
اسلام آباد( ما نیٹر نگ ڈیسک )قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ عمران خان نے حکومت مخالف تحریک پر اپنی پارٹی کے اہم رہنماؤں سمیت ہمیں بھی نظر انداز کیا ، اس لئے وہ اس بار بھی 2014 کی تحریک کی طرح ناکام ہوں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے حکومت مخالف تحریک چلانے کے اعلان سے پہلے کسی اپوزیشن جماعت کو اعتماد میں نہیں لیا اور مجھے یقین ہے کہ انہوں نے اپنی پارٹی کے اہم رہنماؤں شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کو بھی نظرانداز کیا ہے۔ اس لئے عمران خان کی 2014 کی تحریک بھی اسی وجہ سے ناکام ہوئی تھی اوراس بار بھی انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اس اقدام سے حکومت کو بھرپور فائدہ اور اپوزیشن اتحاد کو شدید نقصان کا اندیشہ ہے، پی ٹی آئی اس طرح کے اقدامات سے گریز کرے اور ایسی تحریکیں چلانے سے قبل ضرور سوچے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کا تمام تر سہرا پولیس کو دوں گا، صوبے میں رینجرز کو بھی اختیارات دیئے جائیں تاہم رینجرز کو بھی قانون اور قواعد کی پابندی کرنا ہوگی۔ عوام کو ایسا تاثر نہیں ملنا چاہئے کہ ریاست کے اندر بھی ایک ریاست ہے۔
خورشید شاہ