گورنر پنجاب سے امریکی قونصل جنرل کی الوداعی ملاقات، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال
لاہور( اے این این)لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل زیکرے ہارکن رائیڈر نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی اور توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے مخلصانہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، وزیر اعظم محمد نواز شریف کی مخلصانہ قیادت میں اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ،پوری قوم دہشت گردی ،انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے ناسورکوختم کرنے کے لیے پُر عزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم ،افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں بھی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر موثر عمل درآمد جاری ہے اور دہشت گردوں کے ساتھ کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔گورنر پنجاب نے امریکی قونصل جنرل کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کی پاکستان میں بطور قونصل جنرل تعیناتی کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات میں استحکام اور بہتری آئی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ خاص طور پر عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں کے وفود کے تبادلے کے لیے ان کا کردار قابل تعریف ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ آپ پاکستان کے سافٹ امیج کو جس کا آپ نے پاکستان میں رہ کر مشاہدہ کیا ہے اسے نہ صرف اپنے ملک بلکہ دیگر ممالک میں بھی اجاگر کریں ۔