ممتاز قانون دان ،ہائیکورٹ بار کے سابق سیکرٹری اور سابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان خواجہ سعید الظفرمرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس
لاہور(نامہ نگارخصوصی )ممتاز قانون دان ،ہائی کورٹ بار کے سابق سیکرٹری اور سابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان خواجہ سعید الظفرمرحوم کی یاد میں گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار میں تعزیتی ریفرنس ہواجس میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار ،مرحوم کے صاحبزادے بیرسٹر اسجد سعید سمیت وکلاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ریفرنس میں مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار ،ہائی کورٹ بار کے صدر رانا ضیاء عبدالرحمن ،سپریم کورٹ بار کے سابق نائب صدرطاہر چوہدری ،پاکستان بار کونسل کے رکن اعظم نذیر تارڑ ،ہائی کورٹ بار کے سابق صدر احمد اویس ، سابق سیکرٹری مزمل اختر شبیر اورسابق جسٹس نذیر احمد غازی نے خواجہ سعید الظفر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم مرنجان مرنج شخصیت کے مالک تھے۔ وہ جتنے بڑے وکیل تھے اتنے ہی اچھے انسان تھے اور ہمیشہ مثبت سوچ ان کے من میں رچی بسی تھی۔ انہوں نے کبھی غصہ نہیں کیا دوستوں کی پذیرائی ، چھوٹوں سے پیار و محبت، غرور و تکبر سے کوسوں دور خوش اخلاق اور ہر ایک کی مدد کرنے کو تیار رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم بار کو اپنا دوسرا گھر کہتے تھے۔ انہوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انتہائی احسن طریقے سے نبھائیں اور ان کے کلائنٹ ان کی بہت عزت کرتے تھے۔آخر میں نذیر احمد غازی نے خواجہ سعید الظفر کی روح کو ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اوربلندی درجات کے لئے دعا کرائی۔