آؤٹ آف ٹرن پروموشن کیس کی بنیاد پر تنزلی پانیوالے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی درخواست خارج
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے آؤٹ آف ٹرن پروموشن کیس کی بنیاد پر تنزلی پانے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی درخواست خارج کر دی۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹرسید منصور علی شاہ نے سپیشل برانچ کے اے ایس آئی محمد تنویر کی درخواست پر سماعت کی،د رخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے جاری کر دہ آؤٹ آف ٹرن پروموشن کیس کے فیصلے کی بنیاد پر آئی جی پولیس نے درخواست گزار کو سب انسپکٹر سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر بنا دیا ہے، آئی جی پولیس نے تنزلی کرتے ہوئے درخواست گزار کو شنوائی کا موقع نہیں دیا گیا، درخواست گزار آؤٹ آف ٹرن پروموشن کی زد میں نہیں آتا، 1990ء میں محکمہ اجلاس میں درخواست گزار کو ترقی دی گئی لیکن اب 16برس گزرنے کے بعد اسے واپس اے ایس آئی بنا دیا گیا ہے ،آئی جی پولیس کی طرف سے جاری کردہ تنزلی کا نوٹیفکیشن کالعدم کیا جائے، عدالت نے قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 212کے تحت ہائیکورٹ ملازمت کے تنازعات میں مداخلت نہیں کر سکتی ،عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔