چیئرمین پی ٹی اے کے قابل ضمانت گرفتاری کے وارنٹ جاری
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پر عدلیہ اور اس کے فیصلوں پر ہونے والی تنقید پر اظہار برہمی کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کے قابل ضمانت گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیئے ہیں۔جمعرات کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سوشل میڈیا پر عدلیہ کے فیصلوں پر تنقید کرنے کے حوالے سے کیس کی سماعت کی گئی، جس میں چیئرمین پیمرا ابصار عالم پیش ہوئے،عدالت نے چیئرمین پی ٹی اے کی غیر موجودگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ان کے بارے میں دریافت کیا ، جس پر چیئرمین کے وکلا کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ وہ اسلام آباد میں کچھ پروگراموں میں مصروف ہیں۔عدالت نے چیئرمین پیمرا ابصار عالم سے استفسارکیا کہ ایسے چینلز کے لائسنس کو معطل کیوں نہیں کیا گیا جو عدالتی فیصلوں پر تنقید کرتے ہیں، ابصار عالم نے عدالت کو جواب دیا کہ قانون کے تحت جو کارروائی ممکن تھی وہ عمل میں لائی گئی ہے۔عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ اگلی سماعت پر ان کو ضرور پیش کیا جائے۔