مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار پاکستان ہے :بھارتی وزیر داخلہ کی ہرزہ سرائی

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار پاکستان ہے :بھارتی وزیر داخلہ کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نئی دہلی(اے این این) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا واحد ذمہ پاکستان ہے،حافظ سعید اور سید صلاح الدین وادی میں تشد کو ہوا دے رہے ہیں ،پاکستان جان لے،چنگاری کا کھیل اچھا نہیں ،پڑوسی ملک خود کو متحد رکھنے میں ناکام ہو رہا ہے۔بھارتی لوک سبھا میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وادی میں کشیدگی اور موجودہ صورتحال کا ذمہ دار صرف اور صرف پاکستان ہے۔ اس حوالے سے پڑوسی ملک کی کوئی بھی تردید قابل قبول نہیں ہے ۔انھوں نے الزام لگایا کہ آج ہمیں جس قسم کی دہشتگردی کا سامنا ہے اس میں پاکستان کا ہاتھ ہے اور یہ سب کچھ مذہب کے نام پر کیا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان خود کو متحد رکھنے میں ناکام ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ’’چنگاری ‘‘ کا کھیل کھیلنا خطرناک ہو تا ہے ،پاکستان کو بھی اس کا ادراک کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ بی جے کی حکومت اٹل بہاری واجپائی کے ویژن کے مطابق کشمیریت،جمہوریت اور انسانیت کے روڈ میپ پر عمل کر رہی ہے تاہم وہاں غیر انسانی فعل اور تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ تشدد زدہ اس علاقے میں بھارت کی مرکزی حکومت اکیلے حالات کو نہیں سدھار سکتی۔ وہاں امن کے لئے ہر ایک کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ مقبو ضہ کشمیر میں حافظ محمد سعید اور سید صلاح الدین تشدد اور کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں ۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین سے نمٹنے کے لئے حکومت پیلٹ گن کا متبادل تلاش کر رہی ہے،وہاں لوگوں کو بینائی سے محروم کرنے کی شکایات ہیں تاہم یہ بات غلط ہے کہ بھاری فورسز مظاہرین سے نمٹنے میں طاقت کا بے جا استعمال کر رہی ہیں ۔میں خود بھی طاقت کے کم سے کم استعمال کے حق میں ہوں ۔ہماری حکومت پیلٹ گن اور لیتھل ہتھیاروں کے متبادل کے لئے جلد ماہرین کی ایک کمیٹی بنائے گی جو ان ہتھیاروں کا متبادل تجویز کرے گی ۔