بندوق آزادی کی تڑپ رکھنے والی قوم کا راستہ نہیں روک سکتی، عرفان صدیقی

بندوق آزادی کی تڑپ رکھنے والی قوم کا راستہ نہیں روک سکتی، عرفان صدیقی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عالمی برادری دوغلی پالیسی ترک کر کے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بھارت کی گرفت کرے اور کشمیریوں کے ساتھ ان کے حق آزادی کا وعدہ پورا کرے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرانا ہر رکن ملک کی قانونی، سفارتی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ وہ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ’سمر کتاب کلب‘ کے افتتاح کی تقریب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ممتاز سماجی رہنما ڈاکٹر جمال ناصر اور ایم ڈی این بی ایف ڈاکٹر انعام الحق جاوید بھی موجود تھے۔ دریں اثناء قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں شہداء کشمیر کے لئے فاتحہ خوانی کی تقریب ہوئی جس میں مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کے علاوہ وفاقی سیکرٹری محسن ایس حقانی، ڈویژن کے دیگر اعلیٰ حکام اور عملہ نے شرکت کی۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی جرأت، استقامت اور قربانیوں سے ثابت کر دیا کہ بندوق اور سفاکی آزادی کی تڑپ رکھنے والی قوم کا راستہ نہیں روک سکتی۔ مسئلہ کشمیر انسانیت اور بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، پوری دنیا نے اہل کشمیر سے وعدہ کر رکھا ہے۔پوری دنیا،عالمی ضمیر کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پاسداری کے لئے عملی اقدام اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے اعلان کے تحت آج ہم سب یوم سیاہ اس پیغام کو دنیا میں اجاگر کرنے کے لئے منا رہے ہیں کہ پاکستان کشمیریوں کے جائز، قانونی اور انسانی حق کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی محاذ پر حمایت جاری رکھے گا۔ برہان وانی سمیت ہزاروں شہداء کے لہو نے بھارتی سیکولرازم اور جمہوریت کے نام نہاد دعوؤں کو بے نقاب کر دیا ہے۔وہ گزشتہ روز نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے صدر دفتر کے مرکزی آڈیٹوریم میں منعقدہ چلڈرن سمر بُک کلب کی افتتاحی تقرریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران علمی و تربیتی اور مثبت سرگرمیوں کے لیے سمربُک کلب میں بچوں کی شرکت کی تعریف کی اور کہا کہ آج جدید ٹیکنالوجی کی جادونگری نے ہر گھر اور ہر بچے کو اپنے اثر میں لے رکھا ہے۔ ایسے میں والدین کا فرض بنتا ہے کہ وہ چھوٹی عمر کے بچوں میں اسی طرح کی منفرد تعلیمی و امدادی تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے اُن میں مطالعے کی عادات کو فروغ دیں اور بچوں میں مثبت اور تعمیری سوچ اور اُن کی کردار سازی کے لیے اُن کی صلاحیتوں کا سُراغ لگائیں تا کہ آج کے یہ بچے مستقبل میں اُس عظیم مقصد کے علمبردار بن سکیں جس لیے پاکستان معرضِ وجود میں آیا تھا ۔قبلِ ازیں مشیر وزیر اعظم کی این بی ایف آمد پر این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے اُن کا خیر مقدم کیا۔ تقریب میں پروفیسر قیصرہ علوی ، آرٹسٹ نگار نذر اور عظیم اقبال کے علاوہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب کی نظامت کے فرائض این بی ایف کے سیکرٹری آفتاب سومرو نے انجام دیئے۔اس موقع پر عرفان صدیقی نے این بی ایف چلڈرن سمر بُک کلب میں شریک بچوں کے آرٹ ورک کو دیکھا اور اُن کے درمیان بیٹھ کر ان کی حوصلہ افزائی کی اور اُن کے خوبصورت پیپر ورک پر انہیں شاباش دی۔مشیر وزیر اعظم عرفان صدیقی نے چلڈرن سمر کیمپ کا آغاز کرنے اور اس طرح کی دلچسپ سرگرمیوں پر این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور بچوں کے والدین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمر بُک کلب میں نئی جدّت پیدا کر کے اسے مزید فعال بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرز کی سرگرمیاں بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے بچوں کے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ انہیں سمر بُک کلب میں لے آئے ہیں جہاں انہیں ایک عمدہ ماحول ملا ہے۔تقریب کے شرکاء سے این بی ایف کے ایم ڈی پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے خطاب کرتے ہوئے چلڈرن سمر کلب کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالی اور افتتاحی تقریب کے لیے مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی اور دیگر مہمانان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں مہمانِ خصوصی نے بہترین آرٹ ورک پیش کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے اور انہیں تعلیم و تدریس کے ساتھ ساتھ غیر تعلیمی سرگرمیوں میں بھر پور دلچسپی لینے کی ہدایت کی۔ تصاویر بھی ساتھ موجود ہیں۔