وزیر خوراک کی زیر صدارت پرونشل فوڈ کمیٹی کااجلاس
پشاور( پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیرخوراک حاجی قلندرخان لودھی کی زیرصدارت جمعرات کے روز ان کے دفترسول سیکرٹریٹ پشاور میں پراونشل فوڈ کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا ۔جس میں سیکرٹری خوراک عصمت اللہ گنڈاپور ،پاسکو لاہور کے جنرل مینجر اورمحکمہ خوراک کے دیگر متعلقہ آفسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کے ذمہ پاسکوکے واجبات کی ادائیگی کااصولی طورپر فیصلہ کیاگیا جبکہ جی ایم پاسکو نے اجلاس کو یقین دلایا کہ وہ اس حوالہ سے بورڈ آف گورنر اوروفاقی حکومت کے ساتھ یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کر ینگے۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ گندم خریداری تاحکم ثانی جاری رہے گی اور مارکیٹ میں گندم زیادہ ہونے کی صورت میں مال برداری اخراجات کی مدمیں کسانوں کو زرتلافی دے گی۔ مزیدبراں درگئی اور چترال کے گوداموں اوردفاتر کی جانچ پڑتال کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں اوران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس حوالہ سے اپنی رپورٹ ایک ہفتہ کے اندرپیش کریں۔ فوڈ کمیٹی نے چترال کے لوگوں کی معاشی اور جغرافیائی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ خوراک میں خالی آسامیوں پر وہاں کے مقامی افراد جومطلوبہ معیار پر پورااترتے ہوں کی بھرتی کو ترجیح دیتے پراتفاق کیا۔تاہم صوبائی حکومت کی صاف وشفاف پالیسی کو یقینی بنانے کے لئے امیدواروں کو این ٹی ایس امتحان دینا لازمی قرار دیاگیا۔ علاوہ ازیں پیٹرولیم مصنوعات میں اتارچڑھاؤ کے نتیجے میں معاہدے کے مطابق کمیٹی کوٹھیکہ د اروں سے ریکوری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے باتیں کرتے ہوئے وزیر خوراک حاجی قلندرخان لودھی نے واضح کیاکہ اجلاس میں ہونے والے تمام فیصلوں پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد کیاجائے اور غفلت کے مرتکب افسران اوراہلکاروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔