مخلص قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے :عاطف خان

مخلص قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے :عاطف خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیرابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہاہے کہ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں صرف مخلص قیادت کا فقدان ہے جس دن ملک کو مخلص قیادت ملی تو سب کچھ ٹھیک ہوجائے گااورپاکستان حقیقی ترقی کرے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سٹی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پشاورمیں اے بی ای ۔یوکے اورسٹی یونیورسٹی پشاورپارٹنرشپ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے دوسروں کے علاوہ اے بی ای۔یوکے کے چیف ایگزیکٹیومسٹر گریتھ رابنسن، پختونخوا چیمبرآف کامرس کے سینئرنائب صدرعماد خالد رشید ،سابق صوبائی وزیر حاجی جاوید اوریونیورسٹی کے وائس چانسلر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سٹی یونیورسٹی کے چیف ایگزیکٹیوعبدالصبور سیٹھی،ماہرین تعلیم اوریونیورسٹی کے پروفیسرزاورطلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔وزیر تعلیم نے اے بی ای ۔یوکے اورسٹی یونیورسٹی پشاورپارٹنرشپ کوصوبے کے لئے نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی پارٹنرشپ وقت کی ضرورت ہے لہٰذا دوسری یونیورسٹیو ں کوبھی اس کی تقلید کرنی چاہئیے اس سے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کوفروغ ملے گاانہوں نے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔عاطف خان نے اس بات پر افسوس کااظہار کیا کہ ماضی میں شعبہ تعلیم کسی بھی حکومت کی ترجیح نہیں رہی جس کی وجہ سے یہ شعبہ رو بہ زوال ہوا ۔انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے بنیادی سہولیات کے بغیر سرکاری سکول بنائے آج وہی ہم سے ان سکولوں کو سہولیات کی فراہمی کے بارے میں فلورپر سوال کررہے ہیں جوکہ ایک المیہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے10 ہزار سکولوں میں ٹائلٹس، 8 ہزار سکولوں میں بجلی اور ساڑھے 7 ہزارسے زیادہ سکولوں میں چاردیواری نہیں موجودہ حکومت اب تک ان سہولیات پر 17 ارب روپے خرچ کرچکی ہے جبکہ ان پر کل تخمینہ 43 ارب روپے ہے ۔وزیر تعلیم نے کہاکہ قومیں بڑی بڑی عمارات یاسڑکوں سے نہیں بلکہ معیاری تعلیم سے ہی بنتی ہیں اس لئے موجودہ حکومت کی تمام ترتوجہ تعلیم پرمرکوز ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت برٹش کونسل کے تعاون سے پرائمری کے 83 ہزار اساتذہ کو انگلش میڈیم آف انسٹرکشن کی تربیت دے گی جس کے لئے برٹش کونسل کے ساتھ باقاعدہ معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں۔