کوٹ ادو میں بھی سکینڈل، 3 ملزموں کا 12 بچوں سے زیادتی کا انکشاف
مظفرگڑھ(ویب ڈیسک)قصور میں بچوں کیساتھ زیادتی اور ویڈیو کے سکینڈل کے بعدکوٹ ادو میں بھی بچوں کو اغواء کرکے اجتماعی زیادتی کا بڑاسکینڈل منظرعام پر آگیا۔گندے دھندے میں ملوث گروہ کے3اراکین کی گرفتاری کے بعد متاثرہ بچے کاروائی کے لیے پولیس سے رجوع کرنے لگے۔
ڈی پی او مظفرگڑھ ملک اویس احمد کی مطابق گروہ میں شامل افراد گلی محلے میں پھرنے والے چھوٹے بچوں کو اغواءکرتے اور اپنے ٹھکانے پر لے جاکر زبردستی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناتے ،بعدازاں بچوں کیساتھ گھناﺅنے فعل کے بعد انھیں واپس انکے گلی محلوں میں پھینک کر فرار ہوجاتے۔ گزشتہ دنوں ایک بچے کے والد نے پولیس سے رجوع کیا تو پولیس نے بچے کی نشاندہی پر ایک ملزم کو گرفتار کیا جس کے بعد گروہ کے دیگر 2افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ ابتک ملزمان نے 12چھوٹے بچوں کو اغواءکرکے ان کیساتھ زیادتی کا اعتراف کیا ہے ۔
دوسری جانب پولیس ذرائع نے دعوٰی کیا ہے کہ گرفتار ملزمان نے 26سے بھی زائد بچوں کا اغواءکیا اور انھیں اجتماعی طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ملزمان کی گرفتاری کے بعدابتک 5متاثرہ بچے بھی منظرعام پر آگئے ،جن کے والدین نے پولیس سے رجوع کیا ہے اور ملزمان کیخلاف اغواءاور زیادتی کے ابتک5مقدمات درج کیے جاچکے ہیں، ملزمان کیخلاف زیردفعہ377کے علاوہ367Aت پ کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کی سزا موت یاعمر قید ہے۔ڈی پی او ملک اویس احمد نے مزید متاثرہ بچوں کے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس سے رجوع کریں تاکہ اس گروہ کیخلاف مزید مقدمات درج کیے جائیں اور گروہ کو پوری طرح بے نقاب کیا جائے۔