کشمیر پر سید علی گیلانی کے فارمولہ کی مکمل حمایت کرتے ہیں: سرتاج عزیز
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کیلئے حریت رہنما سید علی گیلانی کا فارمولہ پاکستانی موقف کے قریب ترین ہے اس لیے ہم ان کے فارمولے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کشمیر کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی ہر سطح پر حمایت کی ہے جبکہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ سمیت 6 عالمی اداروں کو خطوط لکھ چکے ہیں۔ کشمیر کی آزادی کیلئے حریت رہنما سید علی گیلانی کا فارمولہ پاکستانی موقف کے قریب ترین ہے اس لیے ہم ان کے فارمولے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ بارڈر مینجمنٹ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے جبکہ افغانستان کے ساتھ طورخم بارڈر پر ہونے والی حالیہ کشیدگی کے بعدپاکستان نے افغان حکومت سے شدید احتجاج کیا۔