وزیراعظم ہشاش بشاش نظر آئے ، دھرنے کا نام آتے ہی بیمار ہو جائینگے ،کشمیریوں کو بھی موٹر وے کا لالی پاپ دیدیا: تحریک انصاف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے مظفر آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ذہن پر دھرنا اور تحریک انصاف سوار ہو چکے ہیں۔وہ ہشاش بشاش نظر آئے لیکن دھرنے کا نام سنتے ہی بیمار ہو جائینگے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ نواز شریف نے کشمیریوں کو بھی موٹر وے کا لالی پاپ دیدیا ہے۔یہ جہاں بھی جاتے ہیں کچھ سوچے سمجھے بنا ہی اعلان کر دیتے ہیں۔پہلے منصوبے شروع ہوتے نہیں اور نئے منصوبوں کا اعلان کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلی بار کشمیر کے الیکشن میں حصہ لیا ۔ ب لیگ کے مقابلے میں ہماری پارٹی کشمیر میں بالکل نئی تھی لیکن اس کے باوجود ہم نے لوگوں کو اپنا پیغام بہت اچھی طرح سے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بڑے ہشاش بشاش تھے لیکن جیسے ہی دھرنے کا نام آئے گا ان کی طبیعت خراب ہونا شروع ہو جاتی ہے اور ان کا بیرون ملک علاج کرانا پڑتا ہے۔