وہ وفاق چاہتے ہیں جس کا خواب بھٹو نے دیکھا، جمہوریت کی حفاظت سیاسی ورکر ہی کر سکتا ہے: خورشید شاہ
ماتلی (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آج وفاق کو خطرہ ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کوصوبائی خودمختاری کے حقوق نہیں مل رہے، ہم وہ وفاق چاہتے ہیں جس کا خواب بھٹو نے دیکھا۔ جمہوریت یہ ہے کہ کسان کی تکلیف اور مجبوری کو محسوس کیا جائے لیکن آج کا کسان پس رہا ہے۔ جمہوریت کی حفاظت سیاسی ورکر ہی کر سکتا ہے۔
ماتلی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ملک کو جمہوریت سے روشناس کرایا اور جیلوں کے راستے بند کئے۔ بھٹو شہید نے ورکر کلاس کو اہمیت بخشی اور کارکنان نے پارٹی اور اس کے منشور کو قائم رکھنے کیلئے قربانیاں دیں، جمہوریت حفاظت سیاسی ورکر ہی کرسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے نوجوانوں کو روزگار ملنا چاہئے، آج کا کسا ن پس رہا ہے اس پر بھی وزیرخزانہ سے بات کی ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ محترمہ کی شہادت کے بعد ہم سب کو ساتھ لے کر چلے اور پیپلز پارٹی نے صوبائی خودمختیاریاں دیں۔ کئی سالوں سے حل نہ ہونے والا این ایف سی ایوارڈکا معاملہ پیپلزپارٹی نے حل کیا لیکن آج بلوچ ، پشتون سوچ رہے ہیں کہ ہمارا حصہ کیوں نہیں مل رہا۔ سب سے زیادہ ریونیو دینے والا صوبہ سندھ ہے لیکن اسکو حصہ کیوں نہیں ملتا؟ نوازشریف نے دیکھا کہ بینظیر اور دیگرصوبوں سے جان نہیں چھوٹتی توجاگ پنجابی جاگ کہا اور اب انہوں نے اپنے نعرے کو وفاق کی سیاست کے نعرے سے بدلا ہے اور وفاق کی سیاست کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی سیاست کا نعرہ تو آگیا لیکن کیا ایسا عملاً ہو ہے۔