جرمنی کا شہر میونخ فائرنگ سے گونج اٹھا ،شاپنگ مال میں 15 افراد ہلاک متعدد زخمی، پبلک ٹرانسپورٹ بند ، فوج طلب کر لی گئی ،ایک حملہ آور کے مارے جانے کی اطلاع

جرمنی کا شہر میونخ فائرنگ سے گونج اٹھا ،شاپنگ مال میں 15 افراد ہلاک متعدد ...
جرمنی کا شہر میونخ فائرنگ سے گونج اٹھا ،شاپنگ مال میں 15 افراد ہلاک متعدد زخمی، پبلک ٹرانسپورٹ بند ، فوج طلب کر لی گئی ،ایک حملہ آور کے مارے جانے کی اطلاع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

میونخ(نیوز ڈیسک) جرمنی کا شہر میونخ  فائرنگ سے گونج اٹھا ، معروف شاپنگ  مال سمیت شہر کے 3 مختلف مقامات پر فائرنگ ،  شاپنگ مال میں فائرنگ سے 15  افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔جرمن پولیس کے مطابق متعدد افراد زخمی ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔جرمنی کی وزارت داخلہ نے اس واقعہ میں 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔شہر میں حالات خراب ہونے پر فوج کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ جرمن پولیس کے مطابق فائرنگ شہر کے تین مختلف مقامات پر کی گئی۔جبکہ ایک حملہ آور کے مارے جانے کی بھی اطلاعات آ رہی ہیں ۔

حملہ آوروں نے شاپنگ مال، ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ اور ریلوے سٹیشن پر فائرنگ کی۔میونخ کی پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے میونخ کے مشہور اولمپیا شاپنگ مال میں داخل ہوکر فائرنگ کر دی جس سے ہر طرف افراتفری پھیل گئی، اس بھگدڑ میں بھی کئی افراد زخمی ہو گئے، اس واقعے کے آغاز پر ایک حملہ آور نے وہاں موجود  فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے باہر راہگیروں پر فائرنگ شروع کر دی تھی جس کے بعد حملہ آور شاپنگ مال میں گھس گئے ۔ جب فائرنگ کی گئی تو اس وقت شاپنگ مال میں خواتین اور بچوں کی بھی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔اس واقعہ کے بعد شاپنگ سنٹر کو خالی کرا کر آپریشن شروع کر دیا گیا۔جبکہ جرمن پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاہم ابھی تک کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ہے ۔جرمن میڈیا کے مطابق فائرنگ کر نے والے ایک سے زیادہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے،جبکہ جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد 3 ہے، جو فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں ہیں۔ اس واقعے کی ویڈیو فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی ہے۔واضح رہے کہ یہ شاپنگ سینٹر میونخ کے اولمپک اسٹیڈیم کے انتہائی قریب ہونے کی وجہ سے اولمپک شاپنگ سینٹر کہلاتا ہے۔

جرمن میڈیا کے مطابق اس واقعہ کے بعد شہر میں ٹرام، ٹرین اور بس سروس بند کر دی گئی ہیں۔ ہیلی کاپٹروں سے مسلسل جائے وقوعہ کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ شاپنگ مال سے فائرنگ کی مسلسل آوازیں آرہی ہیں۔جرمن پولیس نے لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اردگرد کی تمام عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا ہے۔جرمن حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جرمنی میں امریکی قونصلیٹ نے اپنے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل  کی ہے۔برطانیہ نےبھی میونخ میں اپنے شہریوں کو گھروں میں رہنے کہ ہدایت کی ہے۔


۔