ایران کے ساتھ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے، احمد جواد

ایران کے ساتھ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے، احمد جواد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (اے پی پی) ایران کے ساتھ آزادانہ تجارت ( ایف ٹی اے) میں توسیع کے اقدامات پر جلد از جلد عمل درآمد کی ضرورت ہے جس سے سال 2021ء تک دونوں ہمسایہ ممالک کی دوطرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکے گا۔ سال 2016ء کے دوران پاک ایران باہمی تجارت 359 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت پاکستان ( ایف پی سی سی آئی) کی ریجنل قائمہ کمیٹی ہارٹیکلچر ایکسپورٹ کے چیئرمین احمد جواد نے’’ اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور ایران نے ایف ٹی اے کا معاہدہ 2004ء میں کیا تھا جس پر2006ء میں عمل درآمد شروع ہوا۔ انہوں نے بتایاکہ ایف ٹی اے کے نفاذ کے بعد دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں احمد جواد نے بتایاکہ عالمی تجارتی اداروں کے اعداد وشمار کے مطابق 2006ء میں باہمی تجارت 622 ملین ڈالر تھی جو 2009ء تک 1.2 ارب ڈالر تک بڑھ گئی۔
اس طرح دوطرفہ تجارت میں 194 فیصد کااضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ایران کے ساتھ تجارت مجموعی پاکستانی عالمی تجارت کے صرف 2.5 فیصد کے مساوی ہے جو اس کی استعداد سے کہیں کم ہے۔ احمد جواد نے کہاکہ پاک ایران باہمی تجارت کے فروغ کے لئے پاک ایران ایف ٹی اے میں مزید توسیع اور سہولیات کے لئے جلد از جلد اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ دونون ہمسایہ ممالک کی باہمی تجارت میں اضافہ کے لئے کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کی جاسکیں اور اس کے نفاذ سے پاک ایران تجارت کو بآسانی 5ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکے گا جس سے ملکی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے ۔

مزید :

کامرس -