عمران خان کی جدوجہد سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کی :میاں شکیل

عمران خان کی جدوجہد سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کی :میاں شکیل

لاہور( نمائندہ خصوصی) روز نامہ پاکستان کے مقبول عام سلسلے ایک دن ایک کارکن میں اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کارکن میاں شکیل ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پیشے کے لحاظ سے ایک وکیل ہوں لیکن عمران خان کی ملک میں تبدیلی لانے کی سیاست سے متاثر ہو کر پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے عوام کی خدمت کرنے کا فیصلہ کیا اور حالیہ بلدیاتی الیکشن میں یونین کونسل 212سے بطور چیئرمین الیکشن لڑا مجھے یہاں کی یونین کونسل کے عوام نے بھاری اکثریت سے ووٹ دئیے ویسے بھی اس حلقہ کے عوام یہاں کی صوبائی نشست سے میاں محمود الرشید کو منتخب کر چکے ہیں اس لئے یہ حلقہ پی ٹی آئی کے چاہنے والوں کے حلقوں میں شمار ہوتا ہے لیکن یہاں سے حکمران جماعت کے امیدوار نے میڈیا کے ساتھ ملکر اپنی کامیابی کی خبر دوپہر کو ہی ٹی وی چینلز پر نشر کروالی اور اس طرح سے مجھے دھونس اور دھاندلی کے ساتھ ہرا دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام عمران خان کے ساتھ ایک والہانہ محبت کرتے ہیں اور یہاں کے ہر گھر میں پی ٹی آئی کا ووٹرز موجود ہے یہی وجہ ہے کہ عمران خان جب بھی حکمرانوں کے خلاف کوئی بھی احتجاج کی کال دیتے ہیں تو پھر ایک بڑی تعداد میں لوگ یہاں سے ان مظاہروں میں شرکت کے لئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے اپنے دور حکومت میں نہ صرف مالی کرپشن کی انتہا کی بلکہ اداروں کو بھی تباہ کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی جس کی ایک مثال نادرا اور الیکشن کمیشن کی انتخابی فہرستوں میں ردوبدل اور جعلی ووٹوں کی بھرمار ہے انتخابات کے موقع پر جادوئی طریقے سے ن لیگی امیدواروں کو جتوانے کیلئے ووٹر لسٹوں میں کانٹ چھانٹ کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا عملہ اور انتظامیہ دھاندلی کروانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے اس صورتحال کے تدارک کے بغیر آئندہ انتخابات کا صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد ناممکن ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1