بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کی بجائے پاور سٹیشن تعمیر کئے جائیں،خورشید احمد

بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کی بجائے پاور سٹیشن تعمیر کئے جائیں،خورشید احمد

لاہور(پ ر)آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیراہتمام محکمہ بجلی واپڈا کے سینکڑوں محنت کشوں نے ایک ریلی نکالی جس میں حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ آئی ایم ایف کی پیش کردہ سفارشات جس میں دیہی شعبہ اور غریب شہریوں کو دی گئی سبسڈی کی سہولت ختم کرنے کا کہاگیا ہے اس پر عمل کرنے کی بجائے ملک میں پبلک سیکٹر کے تحت ہائیڈل پاور سٹیشن اور گیس سے چلنے والے تھرمل پاور ہاؤس ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کروائے تاکہ صارفین کو سستی بجلی مہیا کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بزرگ مزدور رہنماء خورشیداحمد جنرل سیکرٹری نے کہا کہ ملک میں ہر روز مہنگائی، بے روزگاری، غربت بڑھ رہی ہے نوجوان نسل اپنے مستقبل سے نالاں ہے جبکہ سرمایہ دار طبقہ دولت کی نمودونمائش اور پجارو کلچر پر گامزن ہے تعلیم کا حصول تجارت بن کر رہ گئی ہے ہر سال بجلی کے سینکڑوں کارکن بجلی کی سپلائی بحال رکھنے کی جدوجہد میں اپنی قیمتی جانیں قربان کردیتے ہیں ایسے جان لیواء حادثات کا ایک سبب لائن سٹاف کی کمی اور بجلی کے صارفین کا سیاسی دباؤ اور ضروری معقول حفاظتی آلات کی بروقت فراہمی اور ان کا عدم استعمال ہے۔ اس موقع پر یونین کے نمائندگان حاجی یونس سینئر نائب صدر، رانا شکور ریجنل چیئرمین لیسکو، چوہدری مقصود ، حاجی لطیف، رانا اکرم، نوشیر خان، شیخ شعیب، ظفر شاہ،ڈاکٹر محمد رمضان، چوہدری جاوید نے بھی خطاب کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1