وزیر اعظم کا احتساب ، عمران خان نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی : نیلم اشرف

وزیر اعظم کا احتساب ، عمران خان نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی : نیلم اشرف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( فورم : دیبا مرزا:تصاویر: ندیم احمد) تحریک انصاف سینٹرل پنجاب ریجن کی نائب صدر نیلم اشرف نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک طاقتور شخص جو کہ ملک کا وزیراعظم ہے اس کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرکے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اب فیصلہ معزز عدلیہ نے کرنا ہے ‘ سینٹر ل پنجاب میں پی ٹی آئی کو ایک مضبوط اور فعال جماعت بنا کر عبدالعلیم خان نے آئندہ الیکشن میں پارٹی کی کامیابی کی طرف پہلا قدم رکھ دیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ’’پاکستان فورم ‘‘ میں کیا۔نیلم اشرف نے بتایا کہ میں پی ٹی آئی کے لئے گراس روٹ لیول پر کام کرتی رہی ہوں، انٹرا پارٹی الیکشن ہوں یا پھر عام الیکشن ہر موقع پر پارٹی کی کارکن ہونے کے ناطے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا لاہور کا لاک ڈاؤن ہو یا پھر اسلام آباد کا دھرنا کوئی بھی پارٹی کا ایونٹ ایسا نہیں ہو گا کہ جس میں حصہ نہ لیا ہو میں نے ڈ یفنس میں پارٹی کے امیدوار حامد خان کی کامیابی کے لئے دن رات ایک کیا وہ کامیاب بھی ہو گئے لیکن بعد میں یہاں سے رزلٹ کو بدل دیا گیا جس پر ہمارے چیئرمین نے لاہور کے جن چار حلقوں کو کھولنے کا مطالبہ کیا تھا ان میں سے ایک حلقہ این اے 125بھی تھا کیونکہ یہاں کے ہر گھر کے فرد نے صرف اور صرف پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا یہاں پر ایک بھی گھر ایسا نہیں ہے جو (ن) لیگ کو پسند کرتا ہو۔انہوں نے کہا کہ اب عبدالعلیم خان نے نائب صدر پنجاب کے لئے منتخب کیا ہے جس پر ان کی مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے اتنی ہم ذمے داری کے لئے منتخب کیا ہے یہ میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے کہ مجھ جیسی کارکن کو اہم تنظیم کے ایک اہم عہدے پر کام کرنے کے لئے موقع فراہم کیا گیا ہے میری پوری کوشش ہو گی کہ پارٹی کی مضبوطی اور اس کو فعال بنانے کے لئے دن رات ایک کردوں ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں تو دھونس اور دھاندلی سے ہماری جیتی ہوئی نشستوں کو (ن) لیگ نے چھین لیا تھا اس مرتبہ ہم خواتین ایک مضبوط فورس کی شکل میں اپنے ووٹرز کا تحفظ کریں گی اور کسی بھی قیمت پر کسی کو دھاندلی کرنے کی اجازت نہیں دیں گی آنے والے الیکشن میں دھاندلی کرنے کا سوچنے والے ابھی سے ہوش کے ناخن لے لیں وگرنہ پی ٹی آئی کا جنون انہیں کہیں کا بھی نہیں چھوڑے گا ۔