ٹوٹی سڑکیں ، ابلتے گٹر اور بجلی کی بے ہنگم تاریں ، عامر ٹاؤن مسائل کا گڑھ بن گیا
لاہور(اپنے رپورٹرسے) ہربنس پورہ میں واقع عامر ٹاؤ ن کی مرکزی آبادی بنیادی سہولیات سے محروم ،صفائی کے ناقص انتظامات، ابلتے گٹر ،لٹکتی تاریں ٹوٹی ہوئی دھول اڑاتی سڑکیں مکینوں کا مقدر بن گئی ہیں ۔سروے کے دوران معلوم ہواکہ عامر ٹاؤن کسی بھی ترقیاتی ادارے سے منظور شدہ نہیں ۔ آبادکاری کا تناسب بڑھنے کے ساتھ ساتھ مسائل میں اضافہ ہوتارہا۔ سیوریج کی آئے روز بندش اور بارش کا پانی جمع ہوکر جو ہڑ میں تبدیل ہونیکی وجہ سے علاقہ مکینوں کی زندگیاں شدید اذیت سے دوچارہیں ڈینگی مچھر کی افزائش کا خطرہ ہر وقت سر پر منڈٖلاتاہے۔ اہلیان علاقہ محمد سہیل ،محمد زبیر ، محمد ارشد کاروزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا دس لاکھ روپے فی مرلہ جگہ لے کر کروڑوں روپے لگا کر ہم نے مکان تعمیر کئے پائی پائی اکٹھی کرکے خون خون پسینے کی کمائی سر چھپانے کیلئے ایک چھت کی نذر کردی مگر عامر ٹاؤن انتظامیہ مہنگے دام لیکر بھی بنیادی سہولیات دینے سے انکاری اور راہ فرار اختیار کرتی نظر آتی ہے بار بار کی شکایات کے باوجود آئے روز کی سیوریج بندش کا مسئلہ جوں کا توں ہے گھروں کے آگے گند ا پانی کھڑا ہونیکی وجہ سے نمازی حضرات خواتین اور سکول جانے والے بچے شدید مشکلات سے دوچار ہیں بیس سال پہلے نامکمل تعمیر ہونیوالی سڑکوں میں گڑھے پڑ چکے ہیں جوکہ ذرا سی بارش ہونے پر پانی سے بھر جاتے ہیں او ر کئی کئی دن گزرنے والوں کیلئے مشکلات کا باعث بنتے ہیں سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکین شام ڈھلے ہی گھروں میں مقید ہونے پر مجبو رہیں۔غیر منظو رشدہ ہاؤسنگ سوسائٹی ہونیکی وجہ سے واپڈا اور سوئی گیس نے نئے کنکشنز پر پابندی لگادی ہے اہل علاقہ نے مقامی ایم این اے شیخ روحیل اصغر، ایم پی اے وحید گل سے اصلاح احوال کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عامر ٹاؤن میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جلد از جلد مسائل کا تدارک کروایا جائے۔