گردہ سکینڈل ، ملزم اطہرکی درخواست ضمانت منظور ،نوید حمید کی مسترد
لاہور(نامہ نگار)عدالت عالیہ نے ناقص تفتیش کی بنیاد پر گردہ سکینڈل کے ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیاجس کے بعد ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم کی ضمانت پر رہائی کی روبکار جاری کر دی ہے ۔عدالت عالیہ نے گردہ سکینڈل میں گرفتار اطہر محمود کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کررکھا تھا کہ ایف آئی اے نے اسے موقع سے گرفتار نہیں کیابلکہ پہلے سے گرفتار ملزموں کے بیانات پر ملزم کو گرفتار کیا ہے، ملزم کو گردہ سکینڈل کی ایف آئی آر میں نامزد نہیں کیا گیا ۔پراسکیوشن نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے قبضہ سے خالی ڈیتھ سرٹیفیکیٹس اور بے ہوشی کی ادویات برآمد ہوئیں، ملزم اطہر محمود ایف آئی اے کی ریڈ کے دوران موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا،عدالت نے گردہ سکینڈل کے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کاحکم دے دیا۔دریں اثناضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے گردہ سکینڈل میں گرفتار جنرل ہسپتال کے آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ کی ضمانت پر رہائی کی درخواست خارج کر دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل نے ملزم نوید حمید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔