پنجاب میں ایڈز پر قابو پانے کیلئے آ گہی پھیلانے پر توجہ دی جا رہی ہے ،ڈاکٹر عدنان
لاہور (پ ر) پنجاب میں ایچ آئی وی ایڈز پر قابو پانے کے لیے اور اسے روکنے کے لیے مکمل طور پر آ گہی پھیلانے پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے پروگرام ڈائیرکٹر ڈاکٹر عدنان ظفر نے یہ بات ایچ آئی وی ایڈز کے حوالے سے میڈیا کے کردارپر مقامی ہوٹل میں ایک سیشن میں کی۔ میٹنگ میں یو این ایڈز کے کنٹری ڈائیرکٹر ڈاکٹر ممدوال ساخو اور معروف ٹی وی اینکرز اور رپورٹرز نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا ایچ آئی وی کے بارے میں آگاہی کے لیے بہت کام کیا گیا ہے لیکن ہم اس پر قانون سازی پر کام کر رہے ہیں۔ اس قانون کے تحت ایڈز کے مریضوں سے امتیازی سلوک جیسے معاملات کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر عدنان ظفر نے کہا کہ پروگرام نے چند ماہ کے قلیل عرصے میں سترہ ہزار سے زائد ڈرائیورز کے ٹیسٹ کیے ۔مختلف اضلاع میں فری ٹسٹس،ہائی رسک گروپس کا علاج ،ویکسینیشن ،اور عوام تک اس امر کی آگاہی اور پنجاب بھر میں جیلوں میں ٹیسٹس اور ویکسینیشن جیسے اقداما ت کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام نے اخوت اور فاونٹین ہاوس کے ساتھ ملکر خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے خصوصی کلینک کا آغاز کیا ۔ اور اسی طرح والڈ سٹی اتھارٹی لاہور اور اخوت کے ساتھ ملکر ایک مکمل پیکیج کا آغاز کیا ہے جس کے تحت شہر میں تین نئے سنٹرز شروع کیے جا رہے ہیں۔ یو این ایڈز کے کنٹری ڈائیرکٹر ڈاکٹر ممدو ال ساخو نے اپنے ادارے کی طرف سے پنجاب میں ہر ممکن تعاون کی یوین دہانی کروائی۔