ورلڈ کپ سے واپسی ،پلیئرز کیلئے سفری انتظامات کئے تھے:پی سی بی

ورلڈ کپ سے واپسی ،پلیئرز کیلئے سفری انتظامات کئے تھے:پی سی بی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی سی بی نے انگلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچنے والی خواتین کھلاڑیوں کیلئے ٹرانسپورٹ کے انتظامات کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو ایئرپورٹ سے گھر لے جانے کیلئے معمول کے سفری انتظامات کئے گئے تھے۔واضح رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی دکھانے کے بعد قومی ویمنز کرکٹ ٹیم 17 جولائی کو پاکستان پہنچی تھی۔اسی دن کھلاڑی نشرا سندھو کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں انہیں اپنے والد کے ساتھ موٹرسائیکل پر ایئرپورٹ سے گھر واپس جاتا دیکھا گیا۔اس تصویر کے سامنے آنے کے بعد پی سی بی پر شدید تنقید کی گئی تھی اور اس حوالے سے رپورٹس سامنے آئیں کہ خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا۔ پی سی بی کے مطابق انگلینڈ سے واپسی پر خواتین کھلاڑیوں کیلئے ٹرانسپورٹ کے تمام انتظامات کئے گئے تھے اور کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور وہاں سے ان کے گھروں کو لے جانے کیلئے بھی بسیں موجود تھیں۔ ویمنز ونگ کے حکام بھی کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی سہولت کیلئے موجود تھے تاہم کچھ خواتین کھلاڑیوں نے ٹیم منیجرسے اجازت کے بعد اپنے اہل خانہ کے ساتھ ذاتی سواریوں پر جانے کو ترجیح دی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی