الخدمت فاؤنڈیشن اور الہدٰی سنٹر کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

الخدمت فاؤنڈیشن اور الہدٰی سنٹر کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور(پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن کے مواخات پروگرام اور الہدٰی سنٹر آف اسلامک بینکنگ اینڈ اکنامکس (CIBE)کے مابین دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے گئے۔اس حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ جبکہ دوسری جانب سے سے الہدٰی سنٹر آف اسلامک بینکنگ اینڈ اکنامکس کے سی ای او زبیر مغل اور مینجر کمیونیکیشنز شگفتہ پروین نے معاہدے کی دستاویزپر دستخط کئے۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پروگرامز کے جنرل مینجر سفیان خان، مواخات پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر جمشید علی اور مواخات پروگرام کے ڈپٹی مینجر احمد قدیر بھی موجود تھے۔

اس معاہدے کے تحت الہدیٰ سنٹر آف اسلامک بینکنگ اینڈ اکنامکس الخدمت مواخات پروگرام کے تحت باقاعدگی سے منعقدکی جانے والی تربیتی ورکشاپس، سیمینارز،نیشنل اور انٹرنیشنل کانفرنسز کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا ۔

سید احسان اللہ وقاص نے اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیا، انھوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن مواخات پروگرام کے ذریعے نہایت آسان شرائط پر بلاسود قرض فراہم کررہی ہے جس کا مقصد ان کے کاروبار میں وسعت اور آمدن میں اضافہ کرکے انھیں خودکفیل کرنا ہے۔اس موقع پر الہدٰی سنٹر آف اسلامک بینکنگ اینڈ اکنامکس کے ذمہ داران نے الخدمت فاؤنڈیشن کے مواخات پروگرام کے تحت ہنر مند اور بے روزگار افراد کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4