نواز شریف مستعفی ہوں‘استعفیٰ سے ملکی ترقی رک جائیگی: فلم کاروں کا ملا جلا ردعمل

نواز شریف مستعفی ہوں‘استعفیٰ سے ملکی ترقی رک جائیگی: فلم کاروں کا ملا جلا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(حسن عباس زیدی)وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوز شریف نے گزشتہ روز لواری ٹنل کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا احتساب نہیں استحصال ہورہا ہے ۔وزیر اعظم کے خطاب پرشوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ملے جلے خیالات اور ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔مسلم لیگ (ن) کلچرل ونگ لاہور کے صدرپروڈیوسر یامین ملک نے کہاہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہاہے۔انہوں نے سچ کہا ہے کہ ان کا احتساب نہیں ہورہا بلکہ ان کا استحصال ہورہا ہے ۔ہر بار کی طرح اس بار بھی سازشیوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ماہ نورنے کہا کہ قوم نے نواز شریف کو مینڈیٹ دیا اور وزیراعظم بنایاہے کسی کو حق نہیں کہ ان کے خلاف بات کرے۔نواز شریف کے جانے سے ملکی ترقی رک جائے گی ۔ہرفیصلہ میرے قائد کے حق میں ہی آئے گا۔طاہر انجم نے کہا کہ جو لوگ نواز شریف کے مخالف ہیں دراصل وہ پاکستان کی ترقی کے مخالف ہیں۔ملک دشمن نہیں چاہتے کہ ہمارا شمار بھی ترقی یافتہ قوموں میں ہو۔ سینئر کامیڈین چکرم نے کہا کہ سیاستدانوں نے تو پاکستان بننے کے بعد سے اب تک عوام کو کچھ نہیں دیا ،اسی عرصے میں بھی فوجی ڈکٹیٹر بھی اقتدار پر قابض ہوئے مگر وہ بھی عوامی امیدوں پر پورا نہیں اترے اور اپنے بنک بیلنس میں ہی اضافہ کیا۔ کیا عوام کبھی خوشحال ہو سکیں گے تو اس کا جواب میری رائے کے مطابق نہیں میں ہے۔اداکارہ آغا حیدر ،ڈائریکٹر اسلم پھلروان اورپروڈیوسر ارشدچوہدری نے کہا کہاگر جمہوریت اور منتخب وزیر اعظم کو منصب سے اتارے جانے کی باتیں ہوتی رہیں تو پاکستان کے عوام کبھی خوشحال نہیں ہو پائیں گے۔پرائڈ آف پرفارمنس گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف پاور فل لیڈر آف دی ہاؤ س ہیں، ان کے اور فیملی کے یوں جے آئی ٹی (JIT)کے سامنے پیش ہونے سے ملکی تاریخ رقم ہو ئی ہے۔مجھے یقین ہے کہ حق کی فتح ہوگی۔ سیمی راحیل نے کہا کہ نواز شریف اپنے انجام سے خوف زدہ ہوکر استحصال کی باتیں کررہے ہیں وہ اپنے منطقی انجام سے بچ نہیں پائیں گے ۔ان کو وزارت عظمیٰ کا منصب فوری طور پر چھوڑ دینا چاہیے فیصلہ ان کے خلاف ہی آئے گا۔کامیڈین ظفری خان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سیاست کی بنیاد کرپشن ہے اورسیاستدانوں کا کام ہی سیاست کرنا ہے اور وہ سیاست کو عبادت نہیں بلکہ کاروبار سمجھ کر کرتے ہیں۔میری ذاتی رائے میں وزیر اعظم کو آئینی مدت پوری کرنی چاہیے ۔سینئر اداکار اچھی خان اورسینئر اداکار اور ڈائریکٹر سہراب افگن نے کہا کہ جس کے پاس جتنے زیادہ پیسے ہیں اس کی اتنی ہی زیادہ عزت ہے چاہے اس نے دس ،بیس قتل ہی کیوں نہ کئے ہوں۔ہر طرف دو نمبری کا بازار گرم ہے۔پانامہ لیکس سے بدنامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔میگھا نے کہا کہ ہم لوگ ہمیشہ جلد بازی میں فیصلے کرنے کے عادی ہیں نتیجہ کچھ بھی نکلے لیکن اس بات میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ نواز شریف کے دور اقتدار میں ملک نے ترقی کی ہے۔میں تو صرف اتنا کہتی ہوں جو ملک کے لئے اچھا ہو وہ ہی ہونا چاہیے ۔کاشف محمود نے کہا کہ کرپشن میں ملوث کسی بھی شخص کو معافی نہیں ملنی چاہیے میری یہ دعا ہے کہ اللہ اس ملک کو کرپشن سے پاک ایک ترقی یافتہ ملک بنادے۔نواز شریف اب اپنی باتوں سے عوام کو مزید بیوقوف نہیں بناسکتے استحصال کی باتیں کرکے ان کو عوام کی ہمدردی حاصل نہیں ہوگی ۔قیصر ثنا اللہ خان نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ہی ملک ترقی کی منازل طے کرے گا۔ان کے مخالفین کو منہ کی کھانی پڑے گی۔میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف ان تمام تر سازشوں کے باوجود عوام کی خدمت میں جتے ہوئے ہیں۔ ڈائریکٹر ڈاکٹر اجمل ملک اور سرفراز وکی نے کہا کہ عوام اس وقت انصاف اور بنیادی ضروریات زندگی کے حصول کے لئے سرگرداں و پریشاں ہے۔رائٹر ڈاکٹر عطاء اللہ عالی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے لئے یہ سنہرا موقع تھا کہ عوام کے دل جیتنے کے لئے ایسے اقدامات اٹھاتی کہ پسے ہوئے عوام ایک بار پھر پْر امید ہو جاتے لیکن عوام اس قدر بد دل ہو جائیں گے کسی کو یہ امید نہ تھی موجودہ حکمران جب دوبارہ ووٹ لینے کے لئے امید دلائیں گے تو عوام بیک آواز کہہ اٹھیں گے کہ اب ہمیں آپ کی ضرورت نہیں ہے۔ورسٹائل آرٹسٹ نسیم وکی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے جانے سے ہمارا نظام نہیں بدلے گا اس وقت نظام بدلنے کی ضرورت ہے۔پروڈیوسر اور پروموٹر یار محمد شمسی صابری نے کہا کہ آج وزیر اعظم نوازشریف اوران کے خاندان پرجس قسم کے الزامات ہیں ان سے کچھ نہیں ہوگا، فیصلہ بالآخر وزیر اعظم کے حق میں ہوگا۔گلوکار ظفر اقبال نیویارکر نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی حیثیت ایک طوائف کی سی ہے اور جب تک ہم جمہوریت کو ایک رقاصہ کی بجائے اپنے گھر کی خاتون جیسی عزت دینا نہیں سیکھیں گے ،تب تک ہماری حیثیت ایک تماش بین کی سی رہے گی۔معروف کامیڈین ناصر چنیوٹی نے کہا کہ بدقسمتی سے آج پھر حکومتی بساط لپیٹنے اور منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیجنے کی باتیں ہو رہی ہیں ،گزشتہ4 سال میں بدخواہو ں نے ملک کو سیاسی مسائل میں الجھایا ہواہے یہ کوئی مستحسن رویہ نہیں ،اس سے عوامی مسائل بہت پیچھے چلے گئے ہیں ،ایسا نہیں ہونا چاہییے تھا۔ ڈائریکٹر جرار رضوی نے کہا کہ شیخ رشید اور عمران خان اپنی پیشگوئیوں کے ذریعے حکمرانوں کو گھر بھیجنے کی کوششوں میں ہیں لیکن یہ بات درست نہیں ۔ سینئر اداکار ظفر عباس کچھی نے کہا کہ شنید ہے کہ شیخ رشید تحریکِ انصاف کی باقاعدہ رکنیت حاصل کرنے جا رہے ہیں۔ ویسے تو وہ ’’اندر کھاتے‘‘ مشرف بہ تحریکِ انصاف ہو ہی چکے تھے لیکن سونامیوں نے اْنہیں ہمیشہ ’’جمّاں جنج نال ‘‘ ہی قرار دیا۔ اگر وہ تحریکِ انصاف میں شامل ہو جاتے ہیں تو پھر یہ الزام بھی ختم ہو جائے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -