ظفر حجازی کا پمز میں طبی معائنہ، میڈیکل رپورٹ بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل

ظفر حجازی کا پمز میں طبی معائنہ، میڈیکل رپورٹ بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل

اسلام آباد (آن لائن) چیئر مین ایس ای سی پی ظفر حجازی کوپمز ہسپتال میں وی آئی پی پروٹوکول ، ہسپتال میں ایس ای سی پی چیئرمین کے پروٹو کول کی ویڈیو بنانے والے نجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر اور کیمرہ مینوں پر سرکاری اہلکاروں کا تشدد ، صحافی خاتون سے بدتمیزی پر وزیر داخلہ چودھری نثار نے نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے اور آئی جی اسلام آباد سے جواب طلب کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیئر مین ایس ای سی پی ظفر حجازی کومیڈیکل چیک اپ کیلئے پمز ہسپتال لایا گیا جہاں پر اسے پروٹوکول فراہم کیا گیا اس دوران میڈیا کوریج سے نالاں سرکاری اہلکاروں نے نجی ٹی وی چینل کی خاتون رپورٹراورکیمرہ مین پر تشدد شروع کر دیا جبکہ ہسپتال انتظامیہ اور سکیورٹی اہلکار خاموش تماشائی بنے بیٹھے رہے ۔بعد ازاں ممبر میڈیکل بورڈ ڈاکٹر فیصل کاکڑ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چیئر مین ایس ای سی پی ظفر حجازی نے چھاتی میں درد کی شکایت کی تھی۔ ان کے تمام ٹیسٹ اور بلڈ سیمپل لئے گئے۔دوسری جانب پمز انتظامیہ نے ڈاکٹر ساجد قاضی کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جو چیئر مین ایس ای سی پی ظفر حجازی کے ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد میڈیکل رپورٹ جاری کرے گی۔ دریں اثناء صحافیوں پر تشدد کے معاملے پر وزیر داخلہ نے ایف آئی اے اور آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔

مزید : صفحہ آخر