عراق، سعودی عرب کا انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کا معاہدہ

عراق، سعودی عرب کا انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کا معاہدہ

بغداد(این این آئی)عراق اور سعودی عرب کی قیادت نے بتایا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان انسداد دہشت گردی کے تحت خفیہ معلومات کے تبادلے کا ایک معاہدہ طے پایا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے چیف آف سٹاف جنرل عبد الرحمان صالح البنیان اور ان کے عراقی ہم منصب جنرل عثمان الغانمی نے بغداد میں ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔جنرل الغانمی نے کہا کہ دونوں ملکوں نے انسداد دہشت گردی کے تحت باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کا معاہدہ کیا ہے ،اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان آمد ورفت کے لیے خشکی کے راستے سے استعمال ہونے والی ’عرعر‘ گذرگاہ کو کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عراقی عازمین حج کو مناسک حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کے سفر میں سہولت فراہم کی جاسکے۔اس موقع پر سعودی چیف آف سٹاف جنرل صالح البنیان نے دونوں ملکوں کے درمیان طے پائے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کے معاہدے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی سرحدوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔خیال رہے کہ سعودی عرب اور عراق کے درمیان 814 کلو میٹر طویل مشترکہ سرحد میں بیشتر علاقہ صحرا پر مشتمل ہے جس کی مانیٹرنگ ایک مشکل عمل ہے۔

مزید : صفحہ آخر