کشمیر کامسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہئے، فاروق عبداللہ

کشمیر کامسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہئے، فاروق عبداللہ

نیودہلی (آئی این پی)مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور سابق بھارتی وزیر فاروق عبد اللہ نے کشمیر کے مسئلے پر تیسرے فریق کی ثالثی کی حمایت کردی ہے اور کہا کہ کشمیر کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق فاروق عبد اللہ کا کہنا تھا کہ نئی دہلی کو اسلام آباد کے ساتھ کشمیر کا تنازعہ طے کرنے کے لئے امریکہ اور چین کی ثالثی قبول کرلینی چاہئے تا کہ مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکے، دنیا بھر میں بھارت کے اتحادیوں کی تعداد کافی ہے جو کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے ثالثی میں مدد دے سکتے ہیں۔فاروق عبد اللہ نے مزید کہا کہ بھارت کو اس دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنے اتحادیوں کو استعمال کرنا چاہئے جبکہ امریکی صدر کہہ چکے ہیں کہ وہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں ۔یاد رہے کہ فاروق عبد اللہ مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں اب ان کی پارٹی نیشنل کانفرنس مقبوضہ کشمیر کی بڑی اپوزیشن پارٹی ہے ۔

مزید : صفحہ آخر