آئندہ الیکشن میں جیت تو دور نواز لیگ کو امیدوار بھی نہیں ملیں گے:محمود الرشید

آئندہ الیکشن میں جیت تو دور نواز لیگ کو امیدوار بھی نہیں ملیں گے:محمود الرشید

لاہور ( نمائندہ خصوصی ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے وزیراعظم اور کرپشن کو شکست ہو گئی، نواز شریف کشتی کا اصول یاد رکھیں ہارے پہلوان کے کپڑے اٹھانے والا بھی کوئی نہیں ہوتا، چودھری نثار ہی نہیں پا نامہ فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کی اہم شخصیات بھی خود کو نواز شریف سے علیحدگی کر لیں گی، قوم کرپٹ حکمرانوں کے مکروہ چہرے دیکھ چکی ہے ،آئندہ انتخابات میں جیت تو دور مسلم لیگ ن کو امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا نواز شریف کیلئے یہی بہتر ہوگا وہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے ہی مستعفی ہوجائیں، جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ میں شریف خاندان کو اپنی بھر پور صفا ئی کا موقعہ ملا مگر انکے پاس کوئی ثبوت ہوتا تو وہ ضرور سامنے لاتا، قوم نے ڈیڑھ سال تک برداشت کیا لیکن وزیراعظم اور انکا خاندان آئیں بائیں شائیں کرتا رہا ، منی ٹر یل دے سکا اور نہ ہی منی لانڈرنگ، کرپشن کے الزامات کو غلط ثابت کر سکا۔ ن لیگ میں اختلافات سے متعلق سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا درحقیقت مسلم لیگ ن آمریت کی پیداوار ہے، نواز شریف ایک سول ڈکٹیٹر ہیں پارٹی میں اصولی بات کرنے کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے جبکہ خوشامدی بات کرنیوالے کو عزت بخشی جاتی ہے یہی ایک نقطہ نواز شریف کو بربادی کی طرف لے آیا ہے، چودھری نثار ہی نہیں پا نامہ فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کی اہم شخصیات بھی خود کو نواز شریف سے علیحدہ کر لیں گی، پانا مہ کیس میں وزیراعظم اور کرپشن کو شکست ہو گئی، نواز شریف کشتی کھیلتے رہیں ہیں یہ بھی یاد رکھیں ہارے پہلوان کے کپڑے اٹھانے والا بھی کوئی نہیں ہوتا ن لیگ کا آئندہ انتخابات جیتنا تو دور اسے امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔

مزید : صفحہ آخر