وزیر اعظم کو صرف الیکشن کمیشن ہی نااہل قرار دے سکتا ہے: حنیف عباسی

وزیر اعظم کو صرف الیکشن کمیشن ہی نااہل قرار دے سکتا ہے: حنیف عباسی

روالپنڈی(اے این این)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کسی بھی صورت میں استعفیٰ نہیں دیں گے ،الیکشن کمیشن کے علاوہ کوئی بھی ادارہ وزیر اعظم کو نااہل قرار نہیں دے سکتا ، عمران خان پاکستان کو مصر ، شام اور لیبیا بنا چاہتے ہیں,وہ قومی اسمبلی میں جاتے نہیں ہیں لیکن اسمبلی سے مراعات اور تنخواہیں وصول کرتے ہیں۔راولپنڈی میں مسلم لیگ(ن)کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنما حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں وزیر اعظم کسی بھی صورت میں استعفی نہیں دیں گے،الیکشن کمیشن کے علاوہ کوئی بھی انہیں نااہل نہیں قرار دے سکتا ۔ شیخ رشید اور عمران خان ملک میں انتشارپھیلانے والے ہیں، دونوں کو آئندہ انتخابات میں عوامی طاقت سے شکست دیں گے۔ عمران خان راولپنڈی سے ووٹ لے کر بھاگ گئے جبکہ شیخ رشید بھی علاقے پر توجہ نہیں دے رہے۔پہلے ایک کی ضمانتیں ضبط کرائیں اب دوسرے کی باری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم عوام کی خوشی اور غمی میں برابر کے شریک رہے ہیں اس لئے 2018 میں ن لیگ جیتے گی، یہودی لابی کو شکست ہو گی،مسلم لیگ (ن)آزاد عدلیہ پر یقین رکھتی ہے ،عدلیہ کی آزادی کیلئے ن لیگ کے کارکن جیلوں میں گئے، عوام نے مسلم لیگی قیادت پر اعتماد کیا اور وزیر اعظم نواز شریف نے ملک میں ترقی کی نئی بنیادیں رکھی ہیں، عمران خان اور شیخ رشید کے پروپیگنڈے کے باوجود عوام پھر وزیر اعظم پر اعتماد کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر