چودھری نثار کل پریس کانفرنس کے بعد مستعفی ہوجائینگے ، نجی ٹی وی قیاس آرائی بے بنیاد ہے ترجمان وزارت داخلہ

چودھری نثار کل پریس کانفرنس کے بعد مستعفی ہوجائینگے ، نجی ٹی وی قیاس آرائی ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار کے قریبی ذرائع کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ چوہدری نثار نے وزیر اعظم نواز شریف سے اپنی35سالہ رفاقت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وہ اتوارکوپریس کانفرنس میں نوازشریف سے علیحدگی کااعلان کریں گے۔رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پاناما کیس منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم کوقوم سے خطاب کرنے سے روکا تھا اور نواز شریف کو جے آئی ٹی کیسامنے بھی پیش نہ ہونے کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے وزیر داخلہ کی بات کو یکسر نظر انداز کیا۔ٹی وی چینل کاوزیر داخلہ کے قریبی ذرائع کے حوالے سے کہنا تھا سابق صدر پرویز مشرف نے چوہدری نثار کو ساتھ دینے کی درخواست کی تھی ، مشرف کا پیغام لے کرجنرل محمودگھرآئے مگرچودھری نثارنے فائدہ نہیں اٹھایا۔ لیکن پانامہ کیس کے بعد وزیر اعظم نے چوہدری نثار کو نظر انداز کیا اور نہ ہی انہیں کسی مشاورت میں شریک کیا۔ اس وجہ سے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان تعلقات خراب ہوگئے تھے ، انہی معاملات پر چوہدری نثار اتوار کو پریس کانفرنس کریں گے، چودھری نثار کی جانب سے وزرات سے بھی مستعفی ہونے کا امکان ہے جبکہ وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی کوئی عہدہ لیں گے۔رپورٹ کے مطابق چودھری نثار کا کہنا ہے انہوں نے نوازشریف سے وفاداری نبھائی اور کبھی انہیں سبکی نہیں ہونے دی لیکن اب وزیراعظم ناپختہ ذہنوں میں گھرچکے ہیں اور ان ہی ذہنوں نے وزیراعظم کوان حالات سے دوچار کیا ہے۔دوسری جانب ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے وزیر داخلہ کے قریبی ذرائع کے حوالے سے چلنے والی خبریں درست نہیں ہیں، قر یبی ذرائع نے وضاحت کی جائے، میڈیاسے پہلے بھی کہاتھا قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ کیا کہیں گے تب ہی واضح ہو گا۔

مزید : صفحہ اول