دھرنا گروپ اور کرپشن زدہ سابق حکمرانوں کا گٹھ جوڑ عوام کی ترقی و خوشحالی کیخلاف سازش ہے :شہباز شریف

دھرنا گروپ اور کرپشن زدہ سابق حکمرانوں کا گٹھ جوڑ عوام کی ترقی و خوشحالی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ دھرنا گروپ اور کرپشن زدہ سابق حکمران ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور ہمارے مخالفین کا گٹھ جوڑ عوام کی ترقی و خوشحالی کے خلاف ساز ش ہے،وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں اور ان عناصر کو پاکستان کی تیز رفتار ترقی وخود مختاری سے زیادہ اپنا ذاتی مفاد عزیز ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی مخالفین کی بار بار کی رکاوٹوں کے باوجود پاکستان توانائی بحران کے خاتمے کی جانب بڑھ رہاہے لہٰذا ملک سے اندھیرے ہمیشہ کیلئے ختم کرنے والی مخلص قیادت پر بہتان تراشی کرنے والے پاکستان کے بدخواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت اور مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا بے مثال ترقیاتی پروگرام مخالفین کی نیندیں اڑا رہاہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوامی خدمت کی سیاست سے نابلد افراد ملک میں انارکی پھیلانے کی سازش کر رہے ہیں اور بدقسمتی سے یہ شکست خوردہ عناصر جس شاخ پر بیٹھے ہیں، اسے کاٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام اچھی طرح جان چکے ہیں کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے کون مخلصانہ کاوشیں کر رہا ہے اور کون سازشیں؟ عوام کی عدالت میں پہلے بھی سرخرو ہوئے ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے جبکہ پاکستان کے عوام مکر و فریب کی سیاست کرنے والوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپنے دور میں توانائی بحران کے خاتمے پر توجہ نہ دینے والوں کو اب لوڈشیڈنگ ختم ہونے پر اپنی بچی کھچی سیاست بھی ڈوبتی نظر آ رہی ہے جبکہ ہوس زر میں مبتلا سابق حکمرانو ں کی کرپشن او رلوٹ مار کا دور پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا جب 20، 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اور اب ان سیاستدانوں کا واویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ 2018 ء کے عام انتخابات میں عوام خوشحالی کے مخالفین اور ملک کی ترقی کے سفر کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کرنے والوں کی منفی سیاست کا جنازہ نکال دیں گے اور ملک کی بدلتی ہوئی تقدیر سے کھیلنے کی کوشش کرنے والوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -