کرپشن کی تاریک رات ختم ہونے والی ہے ،نواز شریف کا بچنا ممکن نہیں:عمران خان

کرپشن کی تاریک رات ختم ہونے والی ہے ،نواز شریف کا بچنا ممکن نہیں:عمران خان

اسلام آباد (اے این این)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ کرپشن کی تاریک رات ختم ہونے کو ہے، نواز شریف کا نااہلی سے بچنا ناممکن ،مجھے نیا پاکستان بنتا نظر آ رہا ہے،امید ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قوم جشن منائے گی، جے آئی ٹی کی رپورٹ کی دسویں جلد بھی جاری کی جائے ۔جمعہ کو سپریم کورٹ کی جانب سے پانامہ کیس پر فیصلہ محفوظ کئے جانے کے بعد عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں پاناما کیس پر سپریم کورٹ کی سماعت اور سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیاجبکہ پانامہ کیس کی سماعت اور ممکنہ فیصلے کے خدوخال پر قانونی ماہرین نے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو خصوصی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ نواز شریف کا نااہلی سے بچنا ناممکن ہے اوران کی جانب سے کسی قسم کے جمہوری، سیاسی و پارلیمانی بحران کھڑا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا اقتدار سے رخصتی کے علاوہ کوئی راستہ باقی نہیں ہے ، وزیر اعظم ازخود منصب خالی کرتے ہیں یا سزا کے بعد عہدہ چھوڑتے ہیں، خود انہیں فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی تاریک رات ختم ہونے کو ہے، مجھے نیا پاکستان بنتا نظرآرہا ہے، امید ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قوم جشن منائے گی۔ انہوں نے جے آئی ٹی رپورٹ کی دسویں جلد بھی جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول