پیپلز پارٹی کا پاناما کیس فیصلے کے بعد حکمت عملی کا اعلان کرنیکا فیصلہ

پیپلز پارٹی کا پاناما کیس فیصلے کے بعد حکمت عملی کا اعلان کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پاناما کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔سپریم کورٹ کی طرف سے پانامہ کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں پیپلز پارٹی کا ہنگامی اجلاس زرداری ہاوس اسلام میں میں ہوا اجلاس میں سپریم کورٹ کے متوقع فیصلے کے پہلوؤں پر غور کیا گیا ۔ اجلاس کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی روانہ ہوگئے۔ اجلاس میں سید نیر حسین بخاری۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر،سینیٹر شیری رحمان ،ہمایوں خان، مصطفی نواز کھوکھر ،فیصل کریم کنڈی ، جمیل سومرواور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کئے جانے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں سے پاناما کیس کے فیصلے کے بعد کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی اور پارٹی کا بڑا اجلاس بلانے کا اعلان کیا، پارٹی کی مرکزی قیادت کو فیصلہ آتے ہی مشاورت کیلئے تیار رہنے کی ہدایت بھی کی۔ بلاول بھٹوسپریم کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر اگست کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد پہنچیں گے جہاں پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، فیڈرل کونسل اور سینئر رہنماؤں کا اجلاس بلایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے جیسے ہی فیصلہ آئے گا تو ہنگامی اجلاس بلا کر حکمت عملی طے کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی پاناما کیس پر عدالت عظمیٰ کے تفصیلی فیصلے کے بعد اپنی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔

پی پی فیصلہ

مزید : صفحہ اول