نواز شریف کے پاس بچنے کاکوئی راستہ نہیں ہے،ڈاکٹرعاصم حسین

نواز شریف کے پاس بچنے کاکوئی راستہ نہیں ہے،ڈاکٹرعاصم حسین

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اورسابق مشیرپیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پاس بچنے کاکوئی راستہ نہیں ہے ۔جمعہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ پاناما کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہورہی ہے، ساری چیزیں سب کے سامنے موجود ہیں، میں اور کیا کہوں۔ میں سمجھتا ہوں کہ نواز شریف کے پاس بچنے کا کوئی راستہ نہیں ہے، نواز شریف کی نااہلی یا معاملہ ٹرائل کورٹ میں معاملہ بھجوانے کا فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی۔ ملکی سیاست میں آئندہ کیا ہونے والا ہے اس بارے میں مجھے کیسے پتہ ہوگا میں کوئی جادوگر نہیں ہوں۔نواز شریف کی حب الوطنی سے متعلق سوال پر ڈاکٹر عاصم نے کہاکہ نواز شریف نے کارگل کی جنگ کو مس ایڈونچر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں ان کے ایڈونچر میں شامل نہیں ہوں۔ جس نے ایسی بات کی ہو اس کے بارے میں کیا کہا جاسکتا ہے۔اپنی بہن کے گھر نیب اہلکاروں کے چھاپے سے متعلق ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ وہ اس معاملے کے ذریعے مقدمے پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کررہے بلکہ نیب کررہا ہے ۔ چیئرمین نیب نے ادارے میں غنڈے اور بدمعاش بھرتی کررکھے ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول