حج 2017 کیلئے فلائٹ آپریشن پیر سے شروع ‘ عازمین کی تربیت کا سلسلہ جاری
ملتان(سٹی رپورٹر) حج 2017ء کے لئے فلائٹ آپریشن پیر سے شروع ہو گا، وزارت مذہبی امور کے مطابق پیر 24 جولائی کو ملتان‘کراچی ، لاہور ، ، فیصل آباد اور اسلام آباد سے حج پراوزوں کو حجاز مقدس روانہ کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ملتان سے وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن ‘اسلام آبادسے(بقیہ نمبر16صفحہ12پر )
وفاقی مذہبی امور سردار محمد یوسف ،کراچی سے وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ ، لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے رہنمازعیم قادری اور وفاقی سیکرٹری مذہبی امور خالد مسعود چوہدری حج پروازوں کو رخصت کریں گے۔ اس کے بعد ملک کے دیگر شہروں سے بھی پروازوں کا باقاعدہ سلسلہ شروع ہو گا۔ حج فلائٹ آپریشن میں قومی ایئر لائن پی آئی اے ، سعودی ایئر لائن، شاہین ایئر انٹرنیشنل اور ایئر بلیو حصہ لیں گی۔ حج سے قبل فلائٹ آپریشن 26 اگست تک مکمل کیاجائے گا۔ رواں سال ایک لاکھ 79ہزار 210پاکستانی مجموعی طورپر پرائیویٹ اور سرکاری سکیموں کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔ دریں اثناء ڈائریکٹوریٹ آف حج ملتان کے زیر اہتمام حج تربیت کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز پرائیویٹ سکیم کے تحت حج پرجانے والے عازمین کیلئے تربیتی پروگرام آرٹس کونسل ملتان میں ہوا۔ جس میں 500عازمین حج نے شرکت کی۔جبکہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے تربیت حاصل نہ کر پانے والے عازمین کیلئے تربیتی ورکشاپ آرٹس کونسل ڈی جی خان میں ہوئی۔جس میں 200عازمین حج نے شرکت کی۔وزارت مذہبی امور کے تربیت یافتہ ماسٹر ٹرینرز نے عازمین کو تربیت فراہم کی۔تربیتی پروگرامز کا سلسلہ 22جولائی کو بھی جاری رہے گا۔بہاولپور ڈویژن کے تربیت حاصل نہ کر پانے والے عازمین کیلئے تربیتی پروگرام قائداعظم میڈیکل کالج آڈیٹوریم میں منعقد ہو گا۔جبکہ فقہ جعفریہ کے عازمین حج کیلئے تربیتی پروگرام رضاہال ملتان میں ہو گا۔پہلی حج پرواز سے جانے والے عازمین کے پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ آف حج متان کو موصول ہو گئے ہیں۔ پہلی فلائٹ سے جانیوالے عازمین کو پاسپورٹ22 جولائی کو ڈائریکٹوریٹ آف حج ملتان میں دیئیجائیں گے۔ڈائریکٹوریٹ آف حج ملتان میں عازمین کی ویکسینیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے اب تک 2743عازمین حج کی ویکسینیشن کی جا چکی ہے۔ویکسینیشن کا سلسلہ آخری حج پرواز تک جاری رہے گا۔
حج فلائٹ آپریشن