دہشت گردی کو مسلمانوں سے منسوب کرنا جھوٹ ہے ،شاہ عبد الحق

دہشت گردی کو مسلمانوں سے منسوب کرنا جھوٹ ہے ،شاہ عبد الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے برطانیہ میں شر پسند عناصر کی جانب سے مساجد کو آگ لگانے کے واقعات اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے چیمپیئن کہلانے والے مسلمانوں پر ظلم و بربریت پر کیوں خاموش ہیں ؟ دہشت گردی کو مسلمانوں سے منسوب کرنا جھوٹ سے سوا کچھ نہیں ۔انہوں نے میمن مسجد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو امن کا سبق دینے والے پہلے اپنے ملک کے حالات درست کریں۔مغربی ممالک کی متعصبانہ پالیسیوں کے باعث اقوام کے درمیان خلیج بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مشرق وسطیٰ میں غنڈہ گردی اور دہشت گردی کی کھلی آزادی حاصل ہے مسلمانوں کی فکر حریت کی جملہ مساعی کو دہشت گردی قرار دینا اور اسرائیل کو فلسطینیوں پر آتشیں اسلحہ سے زمینی وفضائی ہر طرح کے حملوں کو جائز قرار دینا عدل وانصاف کے خون کرنے اور عالم اسلام کے جذبات کو مشتعل کرنے کے مترادف ہے ایسے موقع پر اقوام متحدہ کی خاموشی اسرائیل کی جارحیت پسندی کو مزید ہوا دے رہی ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر