کراچی ،پیرامیڈیکل اسٹاف کے رہنما لیاقت مستوئی کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا

کراچی ،پیرامیڈیکل اسٹاف کے رہنما لیاقت مستوئی کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا

کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے ڈاکس میں مسلح ملزمان آل سندھ پیپلز پیرا میڈیکل اسٹاف سندھ کے انفارمیشن سیکرٹری سے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔علاقہ پولیس نے درخواست کے باوجود واقعہ کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈاکس تھانے کی حدود میں اپنے دفتر سے گھر جانے والے آل سندھ پیپلز پیرا میڈیکل اسٹاف سندھ کے انفارمیشن سیکرٹری لیاقت مستوئی سے موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔اس ضمن میں لیاقت مستوئی نے بتایا کہ ملزمان کی گاڑی کا نمبر KJS-4876تھا ۔متعلقہ تھانے میں درخواست دینے کے باوجود واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کیا جارہا ہے ۔پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال ،آئی جی سندھ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر