عوام کے حقوق کیلئے ہر محاذ پر جنگ لڑیں گے،راجہ راشد حفیظ

عوام کے حقوق کیلئے ہر محاذ پر جنگ لڑیں گے،راجہ راشد حفیظ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے اور سابق امیدوار برائے سپیکر پنجاب اسمبلی راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ان کے حلقہ انتخاب میں لوگوں کو تحریک انصاف کا ساتھ دینے کی سزا کے طور پر پینے کے صاف پانی سے محروم کر دیا گیا ہے اور لوگوں کی جانب سے ایک تسلسل کے ساتھ متعلقہ اداروں اور حکام کو اپیلوں کے باوجود پانی سپلائی نہیں کیا جا رہا . وہ اس مسئلے کو پنجاب اسمبلی کے آنے والے اجلاس میں اٹھائیں گے اور عوام کے حقوق کیلئے ہر محاذ پر جنگ لڑیں گے . انہوں نے یہ بات تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ برائے این اے 55 میں کارکنوں اور معززین حلقہ پی پی گیارہ کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی . راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ڈھوک حسو ، پیر ودھائی ، محلہ راجہ سلطان اور دیگر علاقوں میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے جبکہ جن علاقوں میں پانی سپلائی ہو رہا ہے وہ پینے کے قابل ہی نہیں . ن لیگی ارباب بست و کشاد اپنے من پسند علاقوں میں نئے فلٹریشن پلانٹ لگوا رہے ہیں اور سراسر سیاسی بنیادوں پر عوام سے تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا بدلہ لیا جا رہا ہے . انہو ں نے کہا کہ ن لیگ کے لوگوں نے عمران خان کے حلقہ انتخاب این اے 56 میں بھی اپنا رنگ دکھایا تھا کہ جہاں عمران خان نے اپنے فنڈز میں سے متعدد یونین کونسلوں میں فلٹریشن پلانٹ لگوائے مگر ن لیگ کے لوگوں نے انہیں چالو نہیں ہونے دیا تھا . راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ن لیگ والے اپنے اس عمل سے کوئی سیاسی فائدہ نہیں حاصل کر رہے بلکہ ان کے اس عمل کی وجہ سے لوگوں کے اندر نفرت اور منفی جذبات پروان چڑھ رہے ہیں . راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ وہ اپنے ووٹروں کے خلاف برتی جانے والی ان انتقامی کاروائیوں پر پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بات کریں گے اور قرار داد پیش کریں گے .