شاہین وائٹ واش، زمبابوے ٹیم شکست کے بھنور سے نکلنے کی خواہاں، آخری میچ آج ہوگا

شاہین وائٹ واش، زمبابوے ٹیم شکست کے بھنور سے نکلنے کی خواہاں، آخری میچ آج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بلاوائیو(اے پی پی) زمبابوے اور پاکستان کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پانچواں اور آخری میچ (آج) اتوار کو کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم کو سیریز میں 4-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، گرین شرٹس نے سیریز کے پہلے ون ڈے میں میزبان ٹیم کو 201 رنز، دوسرے ون ڈے میں 9 وکٹوں، تیسرے ون ڈے میں 9 وکٹوں جبکہ چوتھے ون ڈے میں 244 رنز سے شکست دی تھی۔ مسلسل فتوحات کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ آخری ون ڈے میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے میچ جیت کر میزبان ٹیم کو سیریز میں 5-0 سے وائٹ واش کرنے کیلئے پر عزم دکھائی دے رہے ہیں تو دوسری جانب میزبان ٹیم اپنی ہی سرزمین پر فتح کو ترس گئی، زمبابوین ٹیم کو پہلے سہ فریقی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں متواتر چار شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا اور بعدازاں پاکستانی ٹیم نے ون ڈے سیریز کے ابتدائی چار میچز میں اسے شکست فاش سے دوچار کیا، میزبان ٹیم آخری میچ جیت کر شکستوں کے داغ دھونے کی خواہاں ہے، گرین شرٹس کی حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری میچ میں بھی اسے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم زمبابوے میں کھیلی گئی سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز میں میزبان زمبابوے اور آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو شکست سے دوچار کرکے سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کی فاتح بننے میں کامیاب رہی تھی۔اب قومی ٹیم کی ایک روزہ سیریز کے اب تک کھیلے گئے چاروں میچز کی کارکردگی کودیکھتے ہوئے یہ امید کی جارہی ہے کہ وہ میزبان ٹیم کو آخری میچ میں بھی شکست دیتے ہوئے وائٹ واش کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔دوسری جانب میزبان ٹیم متواتر شکستوں کے داغ دھونے کی خواہاں ہے، توقع ہے کہ وہ سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میں پاکستانی ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کریگی۔