ہمارا منشور تاجروں کے بنیادی مسائل کو حل کروانا ہے ،رانا عثمان عالم
لاہور (کامرس رپورٹر) انجمن تاجران بیڈن روڈ کے نو منتخب صدر رانا عثمان عالم نے کہا ہے کہ ہماری یونین بیڈن روڈ کے تمام تاجروں کی مشکور ہے کہ انہوں نے ہم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کامیابی سے ہمکنار کیا۔ہمارے بازار میں پچھلے 5 سال سے نام نہاد خود ساختہ یونین براجمان تھی ،تاہم بیڈن روڈ کے تاجروں نے اپنے ووٹ کی طاقت سے اس نام نہاد یونین کو مسترد کرتے ہوئے اپنے منتخب کردہ نمائندوں کو بازار کے انتظامی امور سونپ دےئے ہیں ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ رانا عثمان عالم نے کہا کہ ہمارا منشور بیڈن روڈ کے تاجروں کے بنیادی مسائل کو حل کروانا ہے جس میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر ، سیوریج سسٹم کی بحالی ،کلوز سرکٹ کیمرے ، بہترین سکیورٹی سسٹم، سٹریٹ لائٹس سمیت صفائی کا نظام شامل ہے ۔ اس موقع پر یونین کے عہدیداران سینئر نائب صدر شیخ ضیاء، نائب صدر میاں اظہر ، نائب صدر تنویر بٹ ، جنرل سیکرٹری طارق جاوید ، جوائنٹ سیکرٹری میاں حماد ، فنانس سیکرٹری مضمل ریاض اور سیکرٹری انفارمیشن بھی موجود تھے ۔