خواتین کے بغیر معاشی ترقی ناممکن ہے،میاں محمد ادریس

خواتین کے بغیر معاشی ترقی ناممکن ہے،میاں محمد ادریس

فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے کہا ہے کہ قومی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے خواتین کو معاشی سرگرمیوں کا لازمی حصہ بنانا ناگزیر ہے اور اس سلسلہ میں فیصل آباد میں وومن چیمبر کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے۔ وہ ایف سی سی آئی کمپلیکس میں فاطمہ جناح کانفرنس روم کا افتتاح کر رہے تھے ۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ اور سینئر نائب صدر شیخ فاروق یوسف کے علاوہ فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی صدر محترمہ روبینہ امجد بھی موجود تھیں۔ میاں محمد ادریس نے کہا کہ فاطمہ جناح کانفرنس روم میں بالخصوص خواتین سے متعلقہ سیمینارزاور ورکشاپس منعقد کی جا سکیں گی۔ تاہم اس کو بوقت ضرورت دیگر تقریبات کیلئے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری خواتین اور وومن چیمبر کی ممبران چاہتی تھیں کہ وہ الگ اور پرسکون مگر کارپوریٹ ماحول میں اپنی تقریبا ت منعقد کر سکیں جہاں غیر متعلقہ مردوں کی مداخلت کم سے کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح کانفرنس روم ان کی اس ضرورت کو بآسانی پوری کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ وومن چیمبر کے بعد اس کانفرنس روم کے قیام کے بعد اس شہر کی دیگر ورکنگ وومنز اور خواتین انٹر پرینورز کو ان سہولتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے وومن چیمبر کی رکنیت حاصل کرنی چاہیے۔ فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی صدر محترمہ روبینہ امجد نے میاں محمد ادریس کو لائنز کلب کا انٹر نیشنل ڈائریکٹر بننے پر مبارکباد دی اور فاطمہ جناح کانفرنس روم کے قیام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین انٹر پرینورز کو ساز گار ماحول مہیا کرنے کیلئے وومن چیمبر نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران خواتین کی کیپسٹی بلڈنگ سیمینارز کے علاوہ خواتین کی تیار کر دہ مصنوعات کی نمائش کیلئے فیصل آباد انٹر پرینورز فیسٹیول کا انعقادبھی کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 30 جولائی کو سٹیٹ بینک کے تعاون سے خواتین کیلئے ایک خصوصی سیشن منعقد کیا جار ہا ہے۔

جس میں چھوٹے کاروبار کرنے والی خواتین کو مالی سہولتیں مہیا کرنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات بارے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی تجارت میں خواتین کو شریک کرنے کیلئے فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری خواتین کے تجارتی وفود بھی مختلف ممالک کو بھیجے گا۔ اسی طرح نئی تعلیم یافتہ خواتین کو قومی معیشت کا حصہ بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر شیخ اشفاق احمد، سہیل بن رشید ، راشد منیر، اظہر چوہدری، محمد ادریس سدھے شیخ، طاہر اسحاق بھراڑہ اور وومن چیمبر کی قائم مقام سیکرٹری جنرل مس عبیرہ مطلوب بھی موجود تھیں۔

مزید : کامرس