کالعدم تنظیموں سے روابط پرمظفر علی شجرہ کوپیپلز پارٹی سے نکال دیا گیا

کالعدم تنظیموں سے روابط پرمظفر علی شجرہ کوپیپلز پارٹی سے نکال دیا گیا

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی جماعت کے فیڈرل کونسل کے رکن مظفر علی شجرہ کو کالعدم تنظیموں سے روابط کے الزام میں پارٹی سے نکال دیا۔پیپلز پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق مظفر علی شجرہ کے کالعدم تنظیموں سے روابط کا انکشاف ہوا تھاجس پر پار ٹی نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے ، کالعدم تنظیموں سے رابطہ رکھنے اورحمایت پر انہیں جماعت سے خارج کیا۔یاد رہے گزشتہ دنوں سو شل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں پاکستان راہ حق پارٹی کے تحت عوام دوست گروپ کے پلیٹ فارم سے متفقہ امیدوار سامنے آئے تھے،ان امیدواروں میں کالعدم اہل سنت والجماعت کے اورنگزیب فاروقی قومی اسمبلی کی نشست پر جبکہ مظفر علی شجرہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر متفقہ امیدوار تھے۔اس انتخابی پوسٹر کے مطابق این اے 238 پر اورنگزیب فاروقی کا انتخابی نشان استری جبکہ پی ایس 91 پر مظفر علی شجرہ کا انتخابی نشان نلکا تھاتاہم اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے پیپلز پارٹی کو کافی تنقید کا نشا نہ بنایا گیا اور ان پر کالعدم تنظیموں سے روابط کے الزام لگائے گئے تھے جس پر پیپلز پارٹی نے فیصلہ کرتے ہوئے مظفر علی شجرہ کو پار ٹی سے نکال دیا۔

مظفر علی شجرہ

مزید : علاقائی