کسی ادارے کا دباؤ نہیں ، الیکشن کمیشن ، عوام کو محفوظ ماحول دینگے ، پاک فوج

کسی ادارے کا دباؤ نہیں ، الیکشن کمیشن ، عوام کو محفوظ ماحول دینگے ، پاک فوج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ کمیشن پر کسی ادارے کا کوئی دباؤ نہیں اور انتخابات وعدے کے مطابق صاف اور شفاف ہونگے ٗ کسی سیاسی جماعت کو مہم سے نہیں روکا گیا ہے ٗ تمام جماعتیں اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہیں ٗ جہاں سے شکایت موصول ہوتی ہے ایکشن لیا جاتا ہے ٗ اقوام متحدہ کی فہرست میں جو تنظیمیں شامل ہیں ان کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے ٗ پولنگ سکیم کو بہت جلد گوگل میپ پر جاری کر دیا جائیگا ۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار انتخابات کے دوران ٹینڈر ووٹ بھی گنے جائیں گے اور جعلی ووٹ ڈالنے والے کو دو سال قید کی سزا ہوگی۔ہفتہ کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انتخابی کمپین بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے اور جہاں سے بھی رکاوٹوں کی شکایات موصول ہوتی ہیں تو فوری طورپر ایکشن لیا جاتا ہے ۔جہاں سے شکایات موصول ہوئی تھیں تو چیف الیکشن کمشنر نے خود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ایکشن لینے کیلئے خطوط لکھے تھے ۔انہوں نے کہاکہ انتخابات کی سکیورٹی کیلئے فوج اور پولیس کے تقریباً آٹھ لاکھ اہلکار ڈیوٹی دینگے جن میں سارھے تین لاکھ فوجی اور ساڑھے چار لاکھ پولیس کے اہلکار شامل ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ سکیورٹی کی ذمہ داریوں کیلئے تمام اہلکار الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کام کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ غیر ملکی مبصرین کو انتخابات سے متعلق مکمل بریفنگ دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری نتائج کا اعلان پی ٹی وی سے کیا جائیگا ۔بابر یعقوب نے کہاکہ انہوں نے سینٹ کو بھی یقین دہانی کرائی تھی کہ انتخابات صفاف اور شفاف ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن ٗ پارلیمنٹ نے بنایا ہے اور پارلیمنٹ کے بنائے ہوئے اصولوں کے مطابق کام کررہا ہے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ گزشتہ چند دنوں میں تقریباً ستر ہزار لوگوں نے 8300پر ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے ووٹ کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب اور کے پی کے میں 96فیصد پولنگ سٹیشن بہتر ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کی تیاریاں پلان کے مطابق صحیح سمت میں جاری ہیں ٗانتخابی سامان کی ترسیل میں جہاں دشواری پیش آئی، ازالہ کردیا گیا ٗپوسٹل بیلٹ پیپر پر کڑی نظر رکھی گئی ہے کہ غلط استعمال نہ ہوٗپوسٹل بیلٹ پیپر کا آڈٹ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ چاروں چیف سیکرٹری نے بریف کیا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے لگ چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ انتخابی عمل آئین پاکستان کے تحت الیکشن کمیشن کروا رہا ہے ۔ سیکرٹر ی الیکشن کمیشن نے بتایا کہ نابینا افراد کے ووٹ ڈالنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں ٗصوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی تھیں کہ پولنگ اسٹیشنز کو بہتر بنایا جائے۔ علاوہ ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ عوام کو جمہوری فرض ادا کرنے کیلئے محفوظ ماحول دیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین کے تحت فوج کی خدمات حاصل کی ہیں 25 جولائی کو صاف ‘ آزادانہ اور منصفانبہ انعقاد کیلئے آئین کے آرٹیکل 220 اور 245 کے تحت مدد کرینگے تاکہ پاکستان کے شہری پر امن ماحول میں اپنا جمہوری فرض ادا کریں۔ اپنے پیغام میں مزید کہا کہ اپنا حق رائے دہی آزادانہ ،منصفانہ اور شفاف طریقے سے استعمال کریں اور اس راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ سے متعلق ہیلپ لائن 1135پر رابطہ کریں ۔

مزید :

صفحہ اول -